tتہران، 3 جون (مسرت ڈاٹ کام) بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں فضائی آپریشن معطل، امریکی فوجی اڈوں کے اطراف دھماکوں کی اطلاعات، متعدد ممالک میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث متعدد ممالک میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق بحرین اور کویت میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی والے مقامات کو مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کویت اور بحرین میں کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جن میں بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر اور الجفری اڈے کے اطراف ہونے والے دھماکے نمایاں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے خطے میں امریکی مفادات اور فوجی تنصیبات کے خلاف حملوں کی نئی لہر کا حصہ ہیں، جس کے باعث سکیورٹی صورت حال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے خبر دی ہے کہ بحرین، کویت اور متحدہ عرب امارات میں فضائی حملوں کے خطرات کے پیش نظر تمام پروازیں اور ہوائی اڈوں کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
گزشتہ چند روز کے دوران خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مختلف محاذوں پر تصادم کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے، جس کے باعث مشرق وسطی کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
