Masarrat
Masarrat Urdu

امریکی فوج کے جنوبی ایران میں حملے، کشتیوں اور راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا گیا

  • 26 May 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن ، 26 مئی (مسرت ڈاٹ کام) امریکی فوج نے پیر کے روز جنوبی ایران میں حملے کرتے ہوئے بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کرنے والی کشتیوں اور راکٹ لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ ’’سینٹکام‘‘ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ’’ایرانی افواج کے خطرات سے امریکی افواج کے تحفظ اور سکیورٹی‘‘ کیلئے کی گئیں۔

سینٹکام کے ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری جنگ بندی کے دوران امریکی فوج تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی افواج کا دفاع جاری رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے تصدیق کی ہے کہ امریکی حملوں میں جزیرہ لارک کے جنوب میں موجود کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں کم از کم 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا نے بندر عباس شہر اور آبنائے ہرمز کے قریب ساحلی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی اطلاع دی تھی۔

’’تسنیم‘‘ نیوز ایجنسی کے مطابق بندر عباس میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ’’فارس‘‘ نیوز ایجنسی نے بتایا کہ سیریک اور جاسک کے علاقوں میں بھی اسی نوعیت کی آوازیں سنائی دیں۔

بعد ازاں ’’مہر‘‘ نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ بندر عباس میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور عوام کیلئے تشویش کی کوئی بات نہیں۔

ایجنسی کے مطابق دھماکوں کی آوازیں ’’دفاعی سرگرمیوں‘‘ کا نتیجہ تھیں۔

ایرانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایرانی مسلح افواج نے پیر کی علی الصبح خلیج کے علاقے میں ایک ’’دشمن ڈرون‘‘ کو تباہ کر دیا تھا۔

 

 

Ads