Masarrat
Masarrat Urdu

چار سال بعد دہلی میں پیٹرول 100 روپے کے پار

Thumb

نئی دہلی،25 مئی (مسرت ڈاٹ کام) مغربی ایشیا بحران کے درمیان تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیژل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے اور دہلی میں چار سال بعد پیٹرول 100 روپے فی لیٹر کے پار پہنچ گیا ہے۔

ملک کی سب سے بڑی تیل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، قومی راجدھانی دہلی میں آج سے غیر برانڈڈ یعنی عام پیٹرول 2.61 روپے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ اب اس کی قیمت 102.12 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ عام ڈیژل بھی اب 95.20 روپے فی لیٹر ملے گا۔ اس کی قیمت میں 2.71 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دونوں ایندھن کی یہ 21 مئی 2022 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ اس سال 15 مئی سے اب تک چار مرتبہ میں دہلی میں پیٹرول 7.35 روپے اور ڈیژل 7.53 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ ان کی قیمتیں 30 اکتوبر 2024 کے بعد گزشتہ 15 مئی کو پہلی بار بڑھائی گئی تھیں۔

دہلی میں انڈین آئل کے پریمیم پیٹرول ایکس پی95 کی قیمت بھی 2.61 روپے بڑھ کر 109.24 روپے اور پریمیم ڈیژل ایکس جی کی قیمت 2.71 روپے بڑھ کر 100.52 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ کولکتہ میں پیٹرول 2.87 روپے اور چنئی میں 2.46 روپے مہنگا ہوا ہے۔ دونوں شہروں میں اس کی نئی قیمت بالترتیب 113.51 روپے اور 107.77 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

ڈیژل کولکتہ میں 2.80 روپے اور چنئی میں 2.57 روپے بڑھ کر بالترتیب 99.82 روپے اور 99.55 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔ امریکہ اور ایران امن مذاکرات میں ٹھوس پیش رفت کے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں آج خام تیل کی قیمت میں چار فیصد سے زیادہ گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ خام تیل کا معیار برینٹ کروڈ فیوچر فی الحال 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے اتر گیا ہے۔

گزشتہ 28 فروری کو شروع ہونے والے مغربی ایشیا بحران کی وجہ سے سپلائی متاثر ہونے سے خام تیل کی قیمت میں اچھال آیا ہے۔ اس سے پہلے بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل 70 ڈالر فی بیرل کے آس پاس تھا۔

 

Ads