اپنے خطاب میں راہل گاندھی نے اقلیتی شعبہ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی کے کام کرنے کے انداز اور ملک بھر سے کانگریس پارٹی کے لیڈروں کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی، علاقائی اور اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے ذمہ داران و بااثر شخصیات کو کو اکٹھا کرنے کے اقدام کی تعریف کی۔
غور طلب ہے کہ قومی مشاورتی کونسل اپریل میں کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے تشکیل دی تھی۔ میٹنگ میں ہندوستان کے سماجی تانے بانے اور آئینی اقدار کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈران و اراکین نے فرقہ وارانہ اور تفرقہ پھیلانے والی طاقتوں کی ہم آہنگی، بھائی چارے اور آئین کی طرف سے دی گئی جمہوری آزادیوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے اقلیتی مشاورتی کونسل کی میٹنگ کے دوران ملک بھر کے اقلیتی لیڈروں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست کے دن جلد ختم ہونے والے ہیں۔ ملک میں جو معاشی بحران آنے والا ہے وہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست کے گھٹنے ٹیک دے گا۔
رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں اور پھنسایا جارہا ہے، لیکن گھبرائیں نہیں، ملک آئین سے اور، محبت سے چلے گا، کانگریس پارٹی پورے ملک کے ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ راہل گاندھی نے اپیل کی کہ آپ سب متحد ہوکر اقلیتی شعبہ کے ساتھ آواز بلند کریں، سیاست میں حصہ لیں عمران پرتاپ گڑھی اور کانگریس کے ہاتھوں کو مضبوط کریں۔
اس موقع پر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ مسلمانوں، عیسائیوں، جینوں، بدھوں اور سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔تاہم راہل گاندھی بی جے پی اور اس کی ذیلی تنظیموں اور نفرت کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں، کانگریس پارٹی اور عمران پرتاپ گڑھی ملک میں جو بھی مظلوم ہو گا اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
