تہران، 23 مئی (مسرت ڈاٹ کام) سیٹلائٹ تصاویر نے رامات ڈیوڈ اور نواتیم سمیت کئی اہم اسرائیلی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تصدیق کر دی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی میڈیا نے پہلی بار سیٹلائٹ تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں اور حزب اللہ کے ڈرون حملوں کے نتیجے میں صیہونی حکومت کے کئی اہم اور اسٹریٹجک فوجی اڈوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عبرانی اخبار یدیعوت آحارونوت نے رپورٹ کیا ہے کہ نئی سیٹلائٹ تصاویر رامات ڈیوڈ ایئربیس پر دو مقامات کو پہنچنے والے نقصانات کی تصدیق کرتی ہیں۔ ان تصاویر میں صفد کے قریب یونٹ 8200 کے اڈے اور صحرائے نقب میں واقع نواتیم ایئربیس پر بھی میزائل گرنے کے آثار واضح ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، رامات ڈیوڈ ایئربیس کے جو دو حصے نشانہ بنے، ان میں سے ایک لاجسٹک سپورٹ، گاڑیوں اور آلات کا شعبہ ہے، جبکہ دوسرا حصہ لڑاکا طیاروں کی ریپئرنگ اور فیولنگ سینٹر ہے۔ اسی طرح، 10 مارچ کو شمشون فوجی اڈے پر حزب اللہ کے خودکش ڈرون حملے کے بعد وہاں کئی دنوں تک آتشزدگی کی تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں۔
العربی نیٹ ورک کے نامہ نگار نے القدس سے رپورٹ دی کہ سیٹلائٹ تصاویر میں نظر آنے والی تباہی براہِ راست میزائلوں اور ڈرونز کے لگنے کا واضح ثبوت ہے۔ دیگر فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے، تاہم اسرائیل کا عسکری سنسر ادارہ اس حوالے سے مزید معلومات جاری کرنے پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے۔
