ایشان کشن اور ہائنرک کلاسن نے سست پچ پر ذمہ دارانہ اور میچ جتوانے والی اننگز کھیلیں، جس کے نتیجے میں ٹیم کو نہ صرف فتح ملی بلکہ پلے آف میں بھی رسائی حاصل ہوئی۔ دوسری جانب گجرات ٹائٹنز بھی اب پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔ چنئی سپر کنگز اب زیادہ سے زیادہ 14 پوائنٹس تک پہنچ سکتی ہے اور پلے آف میں رسائی کے لیے اسے دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔
181 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سن رائزرز حیدرآباد کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے اوور میں ٹریوس ہیڈ (6) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد ایشان کشن نے ابھیشیک شرما کے ساتھ 38 رنز کی شراکت قائم کی۔ آٹھویں اوور میں عقیل حسین نے ابھیشیک شرما (21) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑ دی۔
ہائنرک کلاسن اور ایشان کشن نے تیسرے وکٹ کے لیے 75 رنز کی شراکت کی۔ 15ویں اوور میں نور احمد نے کلاسن کو آؤٹ کیا۔ کلاسن نے 26 گیندوں پر چھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔
18ویں اوور کی پہلی گیند پر مکیش چودھری نے نتیش کمار ریڈی (11) کو باؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔ 19ویں اوور میں انشُل کمبوج نے ایشان کشن کو آؤٹ کیا۔ ایشان نے 47 گیندوں پر سات چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔
آر اسمرن نے 19ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر سن رائزرز حیدرآباد کو پلے آف میں پہنچا دیا۔ سلیل اروڑہ نے پانچ گیندوں پر ناٹ آؤٹ 10 رنز بنائے جبکہ آر اسمرن دو گیندوں پر پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
چنئی سپر کنگز کی جانب سے مکیش چودھری نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انشُل کمبوج، نور احمد اور عقیل حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے ڈیوالڈ بریوس (44) اور کارتک شرما (32) کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف سات وکٹوں پر 180 رنز کا مسابقتی اسکور بنایا۔
چنئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پیٹ کمنز نے ابتدائی جھٹکے دیے۔ تیسرے اوور میں کمنز نے سنجو سیمسن کو آؤٹ کر کے حیدرآباد کو پہلی کامیابی دلائی۔ سنجو سیمسن نے 13 گیندوں پر پانچ چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بنائے۔
پانچویں اوور میں ثاقب حسین نے اُروِل پٹیل (13) کو آؤٹ کیا، جنہوں نے آٹھ گیندوں پر دو چھکے لگائے تھے۔ دسویں اوور میں پیٹ کمنز نے کارتک شرما کو آؤٹ کیا۔ کارتک نے 19 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ کپتان رتوراج گائیکواڑ (15) کو بھی کمنز نے پویلین بھیج دیا۔
بعد ازاں ڈیوالڈ بریوس اور شیوَم دوبے نے پانچویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی شراکت قائم کی۔ 18ویں اوور میں ایشان ملنگا نے بریوس کو بولڈ کیا۔ بریوس نے 27 گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔
19ویں اوور میں ثاقب حسین نے شیوَم دوبے (26) کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 23 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ مقررہ 20 اوورز میں چنئی سپر کنگز نے سات وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔ آخری گیند پر پرشانت ویر (11) کو پرفل ہنگے نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا، جبکہ عقیل حسین تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے پیٹ کمنز نے تین وکٹیں حاصل کیں، ثاقب حسین نے دو جبکہ پرفل ہنگے نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
