Masarrat
Masarrat Urdu

اردو زبان کی آبیاری کی کوششیں کرنے والے قابلِ مبارکباد ہیں۔ ساجدہ نہال احمد

Thumb

 

مایلگاؤں، 10اگست (یمسرت نیوز) اردو زبان کی ترقی اور فروغ پر زور دیتے ہوئے  چیئرمن، انجمن تعلیمِ جمہور (مالیگاؤں)نے کہا کہ اردو زبان کی آبیاری کے لیے جو لوگ کوششیں کررہے ہیں وہ قابلِ مبارکباد ہیں اور ان کی ادنی سی بھی کوشش اردو کے فروغ میں  معاون ثابت ہوگی۔ یہ بات انہوں نے اردو زبان کی ترقی ترویج کے لئے کوشاں اور کورونا کے دور بھی سرگرم ماہر تعلیم اشفاق عمر کی کتاب ’ای لرننگل‘کا  رسم اجرا انجام دیتے ہوئے کہی۔
 پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے  شہر مالیگاؤں کی علمی و ادبی خدمات کا سرسری جائزہ پیش کیا اور کہا کہ جو لوگ اردو زبان کی آبیاری کے لیے کوششیں کررہے ہیں وہ قابلِ مبارکباد ہیں اور ان کا ساتھ دینا، کتابیں خرید کر پڑھنا اردو زبان کی بقا کے لیے بہت ضروری ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے تمام ہی لوگوں کے کاموں کی  ستائش بھی کی۔
ثمر اکیڈمی،مالیگاوں کے زیرانصرام جمہور ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کیمپس، مالیگاوں میں منعقدہ تقریب میں افتتاحی کلمات  پیش کرتے ہوئے پروگرام کے کنوینر ایڈوکیٹ خلیل احمد انصاری نے جامِ جم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج سب کے ہاتھوں میں جامِ جم کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور موبائل کی شکل میں موجود ہے۔ہمیں زمانے کے ساتھ چلنا ہے اور جو ’جامِ جم آپ کے ہاتھوں میں ہے اس کا تعمیری مقاصد کے لیے مثبت استعمال کیجئے۔اس کا استعمال قوم و ملت کی ترقی و ترویج کے لیے کریں۔ اسی کے ساتھ پروگرام میں شہر کے معروف سرجن ڈاکٹر سعید احمد فارانی کوممبئی میں ’ٹائمز انفلونشیل پرسن‘ایوارڈ ملنے اور ان کی بیش بہا طبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے استقبالیہ دیا گیا۔
پروگرام کے کنوینر احمد ایوبی سر نے پروگرام کے اغراض و مقاصد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ای لرننگ کی معلومات عام کرنا اور اردوکی ترویج میں مصروف اہل قلم افراد کی خدمات کا اعتراف کرنا پروگرام کا مقصد ہے۔ 
پروگرام کے رابطہ کاراشفاق عمر نے بیرونِ شہر کے مہمانوں کا تعارف پیش کرتے اور  ای لرننگ کی مثال دیتے ہوئے اپنے موبائل پر جدید تکنالوجی کی مثال پیش کی اور نظام شمسی کے 3D  ماڈل کو سامعین کے روبرو پیش کیا۔اشفاق عمر نے شکریے کی رسم ادا کی اور اس میں کئی معززین کے پیغام پیش کئے۔ خاص طور پر مشہور تعلیمی و سماجی رہنما سلیم الوارے(ممبئی) کا پیغام پیش کیاجس کے مطابق وہ کوکن میں سیلاب ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ،”آپ نے میرے اعزاز میں پروگرام رکھاہے جو میرے لیے ذاتی خوشی کی بات ہے مگر میرے لیے زیادہ اہم ہے کہ میں کوکن کے لوگوں کے ہونٹوں پر مسکراہٹ لاسکوں۔“
 تعارف ہی کے دوران مسٹر اشفاق عمر کی کتابوں کی رسمِ اجراء انجام دی گئی اور ان کی علمی، ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مومنٹو سے نوازا گیا۔ڈاکٹر خلیل صدیقی (لاتور)نے اپنی مخاطبت میں اہلیانِ مالیگاؤں کو اتنے عظیم بامقصد پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔نثار خان (ممبئی) نے ای لرننگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ای لرننگ جیسی کتابوں کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کیا۔ راجستھان سے تشریف لائے ڈاکٹر محمد حسین نے اظہار ِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس پروگرام میں کتابوں کی اہمیت کو تو جانا ہی ساتھ میں نئی تکنالوجی پر مبنی کتاب ”ای لرننگ“ کے ذریعے نئی تکنالوجی کو بھی جانا۔عرفان صدیقی نے اشفاق عمر سر کی خدمت میں بطور ہدیہ ایک رقم چیک کی صورت میں پیش کی۔
اس کے علاوہ سیّدہ تبسّم ناڈکر، ممبئی کی دو کتابیں ’روحِ تبسّم‘ (غزلوں کا مجموعہ) اور عکسِ مجسّم(سماجی و اصلاحی مضامین کا مجموعہ)، تنویر حمد (حمدیہ قطعات کا مجومہ: شاعر خلیل صدیقی، لاتور) اورطلعت سروہا (سہارنپور)کی دو کتابیں کاوشِ طلعت (غزلوں کا مجموعہ) اور دردِ صحرا (افسانے) اور اشفاق عمر کی کتاب ’ای لرننگ‘ کی رسمِ اجرا ء انجام دی گئی۔ڈاکٹر محمد حسین (راجستھان)، ڈاکٹر خلیل صدیقی (لاتور)، تبسّم ناڈکر(ممبئی)، طلعت سروہا(سہارنپور)، مشیر حمدانصاری(ممبئی)، سلیم الوارے (ممبئی)، ڈاکٹر شاہد صدیقی (ممبئی)، نثاراحمد خان (ممبئی)، محمدرفیق شیخ (ممبئی)، منظور ناڈکر (ممبئی)، شیخ عزیز (بھساول)، منور حسین (احمد نگر)کی علمی، ادبی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کوخدمت میں مومنٹو پیش کئے گئے۔
پروگرام میں ڈٖاکٹر منظور حسن ایوبی،پروفیسر عبدالمجید صدیقی(قومی صدر، سی سی آئی)علیم الدین ناز، شاہد اختر (جمہور)، قمرالنسا ء شبیر(دھولیہ)، محمد رضاسر(ایم سی ای)، افتخارالنساء میڈم (دھولیہ)، ماسٹر سعید پرویز، عرفان احمد صدیقی، خیال انصاری،شکیل صادق سر، انصاری مسعودالظّفر،ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر(ممبئی)، عتیق شعبان، رضوان ربّانی، رقیہ آپا(مالیگاؤں گرلز)، خان سلیم پیلا پھیٹا، اسکول ہٰذا کے اساتذہ سمیت کثیر تعداد میں لوگ شامل تھے۔ برکتی محمد مصطفیٰ سر نے نظامت کے فرائض بہترین انداز میں انجام دئیے۔

Ads