Masarrat
Masarrat Urdu

دہلی حکومت کے ملازمین ہفتے میں دو دن گھر سے کریں گے کام، ایندھن بچانے کے لیے کئی دیگر اقدامات کا اعلان

Thumb

نئی دہلی 14 مئی (مسرت ڈاٹ کام) دہلی حکومت نے ایندھن کی بچت کے پیشِ نظر اپنے ملازمین کے لیے ہفتے میں دو دن 'ورک فرام ہوم' (گھر سے کام) کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں کچھ دیگر اقدامات کا بھی اعلان کیا ہے۔

حکومت نے دہلی میں ایندھن کی بچت، آلودگی میں کمی اور 'میڈ ان انڈیا' کو فروغ دینے کے مقصد سے "میرا بھارت ، میرا یوگدان " مہم کے تحت ایک جامع دہلی 'ایکشن پلان' جاری کیا ہے۔ اس کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے، آن لائن میٹنگز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال جیسے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نجی شعبے کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کے لیے ہفتے میں دو دن گھر سے کام کرنے کا انتظام کریں۔ سرکاری دفاتر کے اوقات کار الگ الگ کرنے اور پیر کو "میٹرو ڈے" منانے کی بات کہی گئی ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔

ایکشن پلان میں "نو وھیکل ڈے" کی بھی تجویز ہے، جس کے تحت سرکاری ملازمین اور شہریوں کو نجی گاڑیوں کا کم استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ الیکٹرک، سی این جی اور ہائبرڈ گاڑیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ملازمین کو ڈی ٹی سی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر اضافی مراعات دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس میں آن لائن میٹنگز اور ویڈیو کانفرنسنگ کو فروغ دینے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ کالجوں میں ایسی کلاسزجن میں پریکٹیکل کی ضرورت نہ ہو، گیسٹ لیکچرز اور انتظامی میٹنگز آن لائن منعقد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے لیے ایک 'سنگل ونڈو ہیلپ ڈیسک' بنانے کی بھی بات کہی گئی ہے۔

مزید برآں، "میڈ ان انڈیا" مہم کو فروغ دینے کے لیے مالز، سپر مارکیٹس اور مقامی بازاروں میں ہندوستانی مصنوعات کے لیے خصوصی کارنر بنائے جائیں گے۔ سرکاری خریداری میں ہندوستانی مصنوعات کو ترجیح دینے اور لوگوں کو غیر ملکی اشیاء کے بجائے متبادل کے طور پر دیسی سامان اپنانے کی ترغیب دی جائے گی۔

 

Ads