وزارت دفاع نے ہفتہ کو بتایا کہ یہ تجربہ جمعہ کو اڈیشہ کے ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے ملٹی انڈیپینڈنٹ ٹارگیٹ ایبل ری اینٹری وہیکل (ایم آئی آر وی ) سسٹم کے ذریعے کیا گیا۔ یہ تجربہ متعدد پے لوڈز کے ساتھ کیا گیا، جنہیں بحر ہند کے خطے میں وسیع جغرافیائی رقبے پر پھیلے ہوئے مختلف اہداف کی طرف روانہ کیا گیا تھا۔ اس تجربے کی ٹیلی میٹری اور ٹریکنگ زمین اور بحری جہازوں پر مبنی متعدد اسٹیشنوں کے ذریعے کی گئی۔ ان نظام نے میزائل کے لانچ سے لے کر تمام پے لوڈز کے اثر تک اس کے پورے پرواز کے راستے کی نگرانی کی۔ پرواز کے اعداد و شمار نے تصدیق کی کہ تجربے کے دوران مشن کے تمام مقاصد کامیابی سے حاصل کر لیے گئے ہیں۔
اس کامیاب تجربے کے ساتھ ہندوستان نے ایک بار پھر واحد میزائل سسٹم کے ذریعے کئی دفاعی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ میزائل ملک بھر کی صنعتوں کے تعاون سے دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی لیبارٹریوں نے تیار کیا ہے۔ اس تجربے کا مشاہدہ ڈی آر ڈی او کے سینئر سائنسدانوں اور ہندوستانی فوج کے افسران نے کیا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کامیاب تجربے پر ڈی آر ڈی او، ہندوستانی فوج اور صنعت سے وابستہ افراد کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف ملک کی دفاعی تیاریوں میں ایک غیر معمولی صلاحیت کا اضافہ کرے گی۔
