Masarrat
Masarrat Urdu

15ویں دہلی بین الاقوامی فلمی میلے کا شاندار اختتام، اے نیو پوسٹ باکس: ٹیلز فرام پارٹیشن” کو اعزاز حاصل

Thumb

نئی دہلی، 08 مئی (مسرت ڈاٹ کام) اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (آئی جی این سی اے) کے تعاون سے منعقدہ 15ویں دہلی بین الاقوامی فلمی میلے کا جمعہ کے روز شاندار اختتام ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں معروف اداکارہ ریتوپرنا سین گپتا بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر کئی ممالک کے سفارت کار بھی موجود تھے۔

اختتامی تقریب کے دوران مقابلہ جاتی زمرے میں منتخب بہترین فلموں کو انعامات سے نوازا گیا، جو ریتوپرنا سین گپتا نے پیش کیے۔ ہندوستان کی تقسیم کے تاریخی پس منظر پر مبنی اور ڈاکٹر سچیدانند جوشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم A New Postbox: Tales from Partition کو خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس فلم نے تقسیمِ ہند کے انسانی المیے اور یادوں کو نہایت حساس انداز میں پیش کرکے ناظرین اور ناقدین کی توجہ حاصل کی۔

اس سال منعقدہ فلمی میلے میں عالمی سنیما کی وسیع شرکت دیکھنے میں آئی۔ میلے کے دوران دنیا کے 51 ممالک اور ہندوستان کی 21 ریاستوں کی مجموعی طور پر 177 فلمیں پیش کی گئیں۔ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور سماجی موضوعات کی عکاسی کرنے والی ان فلموں نے ناظرین کو عالمی سنیما کی بھرپور روایت سے روشناس کرایا۔

میلے میں روس، چین اور افریقی ممالک کو “فوکس کنٹری” کے طور پر خصوصی اہمیت دی گئی۔ ان ممالک کی فلموں، ثقافتی پروگراموں اور سنیما سے متعلق مباحث نے بین الاقوامی ثقافتی مکالمے کو نئی سمت فراہم کی۔

فلمی میلے کے دوران کئی اہم مباحثے، مکالماتی نشستیں اور خصوصی پینل ڈسکشنز بھی منعقد کی گئیں۔ اسی سلسلے میں آئی جی این سی اے کی جانب سے منعقد خصوصی پینل مباحثہ “Making Films is Easy, Selling Them is War” فلم سازوں، محققین اور سنیما کے طلبہ کی خاص توجہ کا مرکز بنا۔ فلموں کی تیاری سے لے کر ان کی تقسیم اور ناظرین تک رسائی کی مشکلات پر مبنی اس گفتگو میں نیشنل اسکول آف ڈرامہ (این ایس ڈی) نئی دہلی کے ڈائریکٹر چترنجن ترپاٹھی، آئی آئی سی ایس نئی دہلی کے ڈین اکیڈمک سلیم عارف، معروف تھیٹر آرٹسٹ اور اسمتا تھیٹر گروپ کے اروند گور، اور موشن پکچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جوگندر مہاجن نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام کی نظامت سینئر صحافی ریما گوتم نے انجام دی۔

اختتامی تقریب میں مقررین نے کہا کہ دہلی بین الاقوامی فلمی میلہ صرف فلموں کی نمائش نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں، جذبات اور تخلیقی اظہار کے عالمی جشن کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس میلے نے ہندوستان اور عالمی سنیما کے درمیان مکالمے، تعاون اور ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

 

Ads