143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فن ایلن نے دہلی کے بالرز کی ایک نہ چلنے دی۔ انہوں نے محض 47 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، جو آئی پی ایل کی تاریخ میں کے کے آر کی جانب سے تیز ترین سنچری ہے۔ ایلن نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 10 فلک بوس چھکے لگائے۔ انہوں نے مکیش کمار کو چھکا جڑ کر نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ ٹیم کو 34 گیندیں قبل ہی فتح دلا دی۔ کے کے آر کی شروعات اچھی نہ تھی اور محض 31 رنز پر کپتان اجنکیا رہانے (13) رن آؤٹ ہو گئے، جبکہ انگکرش رگھوونشی (1) کو اکشر پٹیل نے پویلین بھیجا۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد فن ایلن اور کیمرون گرین نے محاذ سنبھالا۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 116 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت داری ہوئی۔ کیمرون گرین نے 27 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ایلن کا بھرپور ساتھ دیا۔
اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دہلی کیپیٹلز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 142 رنز بنائے تھے۔پتوم نسانکا 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔آشوتوش رانا نے 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔کے ایل راہل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انوکول رائے اور کارتک تیاگی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنیل نارائن، ویبھو اروڑا اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
10 میچوں میں یہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی چوتھی جیت ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی طور پر 9 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اس شکست نے دہلی کیپیٹلز کے لیے اگلے مرحلے کی راہ مزید مشکل کر دی ہے۔
