کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اب مختلف ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کی مہم ختم ہو چکی ہے اور لوک سبھا کی حد بندی (ڈلیمیٹیشن) کو نافذ کرنے کی حکومت کی کوشش اپوزیشن کے اتحاد کی وجہ سے ناکام ہو گئی ہے، لہٰذا اب وزیر اعظم نریندر مودی کو خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پر پہل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ناری شکتی وندن ایکٹ 2023 کو سال 2029 سے لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کے ساتھ کس طرح نافذ کیا جا سکتا ہے، اس پر غور و خوض کے لیے آل پارٹی میٹنگ بلائی جانی چاہیے۔ یہ قدم ممکن، مطلوب اور ضروری ہے۔
کانگریس رہنما نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران خواتین کا ریزرویشن اصل مسئلہ نہیں تھا بلکہ اس وقت کا ایجنڈا حد بندی سے متعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ خواتین کو انصاف دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
