ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کچھ ایسے شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کی ممکنہ جارحانہ جنگ کے دوبارہ آغاز کی صورت میں نئے اور حیران کن اقدامات تیار کر لیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے، امریکہ کے غیر ضروری مطالبات اور ایران کی بحری ناکہ بندی کے اعلان نے مذاکرات کی راہ روک دی ہے، ایسے میں ایران جنگ کے دوبارہ شروع ہونے کے امکان کیلیے مکمل طور پر تیار ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایران جنگ دوبارہ شروع ہونے کا امکان دیکھا رہا ہے اور اسی بنیاد پر اس نے مخصوص عسکری نقل و حرکت کی ہے جبکہ اس مقصد کیلیے اہداف کی ایک نئی فہرست بھی تیار کر لی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایران کسی بھی ممکنہ جنگ کے پہلے ہی لمحات سے امریکیوں اور اسرائیلیوں کیلیے ’’دوسری جہنم‘‘ بنانے کیلیے تیار ہے۔
