Masarrat
Masarrat Urdu

تلک کا سنچری، اشونی کا چار وکٹ، ممبئی انڈینز نے گجرات ٹائٹنز کو 99 رنز سے ہرایا

Thumb

احمد آباد، 20 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) تلک ورما (ناٹ آؤٹ 101) کی شاندار سنچری اور اشونی کمار (چار وکٹ) کی عمدہ گیندبازی کی بدولت ممبئی انڈینز نے پیر کو گجرات ٹائٹنز کو 99 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چار شکستوں کے بعد اپنی دوسری جیت درج کی۔

ممبئی نے بلے اور گیند دونوں شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے واپسی کی۔ میچ کے ابتدائی 10-12 اوورز تک ممبئی پیچھے تھی، لیکن تلک کی سنچری اور بعد میں گیندبازوں کی زبردست کارکردگی نے ٹیم کو اہم فتح دلائی۔ پہلی اننگز میں تلک کی دھماکہ خیز بیٹنگ کی بدولت ممبئی نے بڑا اسکور کھڑا کیا۔ اس کے بعد جسپریت بمراہ نے پہلی ہی گیند پر سائی سدرشن کو آؤٹ کر کے گجرات کو دباؤ میں ڈال دیا، جبکہ دیگر گیندبازوں نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ ممبئی نے گجرات ٹائٹنز کو 15.5 اوورز میں 100 رنز پر آل آؤٹ کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ یہ گجرات کی ٹورنامنٹ میں تیسری شکست ہے۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری گجرات ٹائٹنز کی شروعات خراب رہی اور صرف پانچ رنز پر دو وکٹ گر گئے۔ سائی سدرشن (صفر) کو بمراہ اور جوس بٹلر (5) کو ہاردک پانڈیا نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد کپتان شبھمن گل نے واشنگٹن سندر کے ساتھ اننگز سنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان 35 رنز کی شراکت ہوئی۔ پانچویں اوور میں اشونی کمار نے گل (14) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد مچل سینٹنر اور اشونی کمار نے لگاتار وکٹیں لے کر گجرات کی بیٹنگ لائن کو بکھیر دیا۔ 16ویں اوور میں ایم غضنفر نے کگیسو ربادا (12) اور محمد سراج (0) کو آؤٹ کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔

ممبئی کی جانب سے اشونی کمار نے 24 گیندوں میں چار وکٹ حاصل کیے۔ مچل سینٹنر اور ایم غضنفر نے دو دو وکٹ لیے، جبکہ جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل گجرات ٹائٹنز نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ممبئی انڈینز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور کگیسو ربادا نے ابتدائی جھٹکے دیے۔ دانش مالیبار (2)، کوئنٹن ڈی کوک (13) اور سوریہ کمار یادو (15) جلد آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں تلک ورما اور نمن دھیر کے درمیان 52 رنز کی شراکت ہوئی۔ نمن دھیر نے 45 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں ہاردک پانڈیا (15) بھی آؤٹ ہو گئے۔ ممبئی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ تلک ورما نے 45 گیندوں میں 8 چوکے اور 7 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 101 رنز بنائے۔

گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کگیسو ربادا نے تین وکٹ حاصل کیے جبکہ پرشدھ کرشنا کو ایک وکٹ ملا۔

 

Ads