سینٹکام کے بیان کے مطابق، "امریکی افواج صدر کے اعلان کے مطابق 13 اپریل کو امریکی وقت صبح 10 بجے ایران کی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والی تمام بحری آمد و رفت کو روکنے کے لیے کارروائی شروع کریں گی۔"
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ناکہ بندی بلا امتیاز ہوگی، یعنی تمام ممالک کے جہازوں پر یکساں طور پر نافذ ہوگی جو ایران کی بندرگاہوں یا اس کے ساحلی علاقوں، بشمول خلیج فارس اور خلیج عمان کی بندرگاہوں، میں آتے جاتے ہیں۔
تاہم، سینٹکام نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ان جہازوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی جو ایرانی بندرگاہوں کے علاوہ دیگر ممالک کی بندرگاہوں کے لیے جا رہے ہوں۔
دریں اثنا، اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ اس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اعلان کیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ان تمام جہازوں کی نگرانی اور روک تھام کرے گا جو ایران کو راستہ استعمال کرنے کے لیے ادائیگی کرتے ہیں۔
