وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس حوالے سے کہا، "ہم لبنان میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی خبروں سے بہت زیادہ پریشان ہیں۔ اقوام متحدہ کے امن مشن (یواین آئ ایف آئی ایل ) میں فوجی تعاون فراہم کرنے والے ملک کی حیثیت سے، ہندوستان کا ماننا ہے کہ واقعات کی یہ سمت انتہائی تشویشناک ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قانون کی پیروی کرنا اور ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا لازمی ہے۔
ترجمان نے بتایا، "لبنان میں ہمارا سفارت خانہ ہندوستانی برادری کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔"
قابلِ ذکر ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا ہے۔
