Masarrat
Masarrat Urdu

دنیا کی توجہ پاکستان پر مرکوز: امریکہ ایران مذاکرات کا آغاز اسلام آباد میں ہو گا

Thumb

اسلام آباد، 10 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) پاکستان کی میزبانی میں امریکہ ایران مذاکرات کا آغاز آج سے اسلام آباد میں ہو گا۔ اس لیے آج جعمے کو وفاقی دارالحکومت میں داخلے کے راستوں میں کمی، ناکہ بندی اور سڑکوں کی بندش مزید بڑھا دی گئی ہے۔ شہر میں دو روز کی چھٹی کے اعلان کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک تاہم کم ہے۔

پاکستان کی کوششوں سے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کو براہ راست مذاکرات کے لیے 10 اپریل کو اسلام آباد مدعو کیا تھا۔

امریکہ اور ایران دونوں نے تصدیق کہ ہے کہ ان کے وفود پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق مذاکرات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر حصہ لیں گے۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ان مذاکرات کے لیے ایک خصوصی وفد پاکستان بھیجنے کی تصدیق ہے جس کی قیادت سپیکر پارلیمان محمد باقر قالیباف کریں گے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سکیورٹی و دیگر انتظامات سے متعلق ایک خصوصی اجلاس ہوا ہے جس میں مذاکرات کے حوالے سے تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس، رینجرز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ریڈ زون کو مکمل سیل کرنے اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات ہوئی، محسن نقوی نے کہا امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیو وٹکوف اور کشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے۔

 

Ads