Masarrat
Masarrat Urdu

سینئر کانگریس رہنما اور سابق مرکزی وزیرمحسنہ قدوائی کا انتقال

Thumb

نوئیڈا، 8 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) سینئر کانگریس رہنما اور سابق مرکزی وزیر محسنہ قدوائی کا بدھ کی علی الصبح تقریباً چار بجے نوئیڈا کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔

ان کے جسد خاکی کو آج دوپہر تین بجے نوئیڈا کے سیکٹر-40 میں واقع ان کی رہائش گاہ کے جایا جائے گا، جبکہ شام تقریباً پانچ بجے انہیں نظام الدین قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

محسنہ قدوائی طویل عرصے تک عوامی زندگی میں سرگرم رہیں۔ وہ کانگریس میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہیں اور نہرو۔گاندھی خاندان کے کافی قریب سمجھی جاتی تھیں۔

انہوں نے مرکزی حکومت میں بطور وزیر خدمات انجام دیں، اس کے علاوہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا کی چیئرپرسن بھی رہیں۔ وہ کئی مرتبہ رکنِ پارلیمان منتخب ہوئیں اور کانگریس کی جنرل سکریٹری کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ کانگریس ورکنگ کمیٹی اور پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی رکن بھی رہ چکی تھیں۔

کانگریس رکن منیش تیواری نے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ قدوائی ایک باوقار اور قدآور رہنما تھیں، جنہوں نے کئی بار ممبر پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر ملک کی خدمت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ نہایت نرم خو، سادہ اور منکسرالمزاج شخصیت کی مالک تھیں اور ان کے چہرے پر ہمیشہ خلوص بھری مسکراہٹ رہتی تھی۔

منیش تیواری کے مطابق، ان کے انتقال سے کانگریس پارٹی اور سیاسی حلقوں کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے، اور ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

 

Ads