Masarrat
Masarrat Urdu

آسام انتخابات: پولنگ سے قبل کھرگے کا ہیمنت شرما پر حملہ، بدعنوانی کے الزامات

Thumb

نئی دہلی، 07 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) آسام اسمبلی انتخابات کے لیے پولنگ سے قبل، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

مسٹر کھرگے نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے "انتہائی بدعنوان حکومت" کو اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہیمنت بسوا شرما کی قیادت میں آسام میں بدعنوانی میں اضافہ ہوا ہے اور وزیراعلیٰ صرف اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں "سنڈیکیٹ راج" چل رہا ہے، جس کے تحت زمینیں ان کے قریبی لوگوں اور کارپوریٹس کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

کانگریس صدر نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بی جے پی لیڈر بدعنوانی کے خلاف ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، جبکہ دوسری طرف آسام میں مبینہ کرپشن پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کانگریس لیڈروں گورو گگوئی اور سابق وزیراعلیٰ ترون گگوئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ریکارڈ بے داغ رہا ہے اور انہیں کبھی اس طرح کے الزامات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

مسٹر کھرگے نے آسام کے مشہور گلوکار زوبین گرگ سے متعلق معاملے میں انصاف میں تاخیر کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ بنانے میں تاخیر کی گئی اور سوال کیا کہ آخر وزیراعلیٰ کسے بچانا چاہتے ہیں؟

کانگریس صدر نے وعدہ کیا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو 100 دنوں کے اندر اس معاملے میں انصاف کو یقینی بنایا جائے گا اور قصورواروں کو سزا دلائی جائے گی۔

 

Ads