انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،"ہم اپنا مشن مکمل کر رہے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ تقریباً دو ہفتوں میں، یا چند دن زیادہ اور لگ سکتے ہیں، ہم یہ کام مکمل کر لیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کی ہر صلاحیت کو ختم کر دیا جائے۔ تاہم یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے پہلے کوئی معاہدہ ہو جائے، کیونکہ ہم اہم اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔"
ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب امریکہ ایران سے اپنی فوجی کارروائی ختم کر دے گا تو تیل کی قیمتوں میں کمی آ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا،"مجھے صرف ایران سے نکلنا ہے، اور ہم یہ بہت جلد کرنے والے ہیں، اس کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ جائیں گی۔"
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ ایران مشرقِ وسطیٰ میں امریکی کمپنیوں کی املاک کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
اس سے قبل اسلامی پاسداران انقلاب کور (آئی آر جی سی) نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران میں ہلاکتیں ہوئیں تو وہ بدھ سے مشرقِ وسطیٰ میں 18 کمپنیوں جن میں گوگل، مائیکروسافٹ، ایپل اور نیوڈیا شامل ہیں ، کی املاک کو نشانہ بنائے گا۔
