Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے پاس آپشن ختم، آنے والے دن فیصلہ کن ہوں گے: امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا سخت انتباہ

  • 31 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن،31 مارچ (مسرت ڈاٹ کام)امریکی وزیرِ جنگ (سیکریٹری وار) پیٹ ہیگسیتھ نے تہران کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاری جنگ اب اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور ایران کے پاس مزاحمت کے راستے محدود ہو چکے ہیں۔ واشنگٹن میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی فوجی قیادت اس وقت شدید مایوسی کا شکار ہے۔

امریکی وزیرِ جنگ نے جاری فوجی آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا امریکہ اس وقت مکمل طاقت کے ساتھ ایران کے اندر حملے کر رہا ہے اور ایرانی فضائی حدود میں امریکی کارروائیاں بلا روک ٹوک جاری ہیں۔"آپریشن ایپک فیوری" کے تحت طے شدہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہیگسیتھ کے مطابق ایرانی فوج کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی عسکری صلاحیتیں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی وزیر نے بتایا "ایران کی جانب سے میزائل فائر کرنے کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ اگر ایران اب بھی کچھ میزائل فائر کرتا ہے تو ہمارے پاس انہیں فضا میں ہی تباہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے تہران کو پیشکش کی کہ اگر ایران فوری طور پر کسی معاہدے کے لیے تیار نہیں ہوتا تو امریکہ اپنے حملوں کی شدت میں مزید اضافہ کر دے گا۔

آنے والے چند دن اس جنگ کے مستقبل کا فیصلہ کر دیں گے اور ایران کے پاس اب بچاؤ کا کوئی راستہ نہیں بچا۔

 

Ads