Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیل کا ایران پر حملہ صنعتی کمپلیکس پر میزائل حملے کا جوابی وار

  • 30 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

دوبئی، 30 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے پیر کی صبح اعلان کیا کہ وہ تہران میں ایرانی فوجی تنصیبات کے خلاف نئے حملے کر رہی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ دوسرے مہینے میں داخل ہو چکی ہے۔

اس سے قبل رات کے دوران بندر عباس اور جزیرہ قشم کو نشانہ بنایا گیا اور کیان شہر کے علاقے میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک گودام کو تباہ کر دیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کو بتایا کہ صنعتی علاقے رمات حوفاف میں ہونے والا دھماکہ ممکنہ طور پر میزائل کے ٹکڑوں کے باعث ہوا، یہ اس وقت پیش آیا جب ایران کی جانب سے میزائلوں کی نئی کھیپ داغے جانے کا پتا چلا۔

فوج کے مطابق: ہم اندازہ لگاتے ہیں کہ یہ میزائل کے ٹکڑوں کا اثر ہے۔

اسرائیلی میڈیا نے نئوت حوفاف (جو پہلے رمات حوفاف کہلاتا تھا) کے اوپر سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے مناظر نشر کیے، جو جنوبی اسرائیل کے صحرائے نقب میں واقع ایک صنعتی علاقہ ہے۔

ایک علیحدہ بیان میں اسرائیلی پولیس نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ کسی گولہ بارود یا دفاعی کارروائی کے ملبے کا گرنا ہو سکتی ہے۔

پولیس نے مزید کہا: مزید خطرناک مواد کی تلاش اور عوام کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تلاشی کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ انہوں نے جنوبی اسرائیل میں ایک صنعتی کمپلیکس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

موقع سے ملنے والی ویڈیوز میں ایک گودام کا جلا ہوا ڈھانچہ دکھایا گیا، جس سے سفید، سرمئی اور سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھ رہے تھے، جبکہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔

فائر بریگیڈ کے سربراہ ایال کاسپی نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہےاور امید ظاہر کی کہ چند گھنٹوں میں آگ مکمل طور پر بجھا دی جائے گی۔

اسی دوران مقامی کونسل نے بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کو خطرناک قرار دیا اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی۔

فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ جو ہنگامی حالات میں شہریوں کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، نے قریبی رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی کیونکہ زہریلے مواد کے اخراج کا خدشہ ہے۔

آدھی رات کے بعد سے اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے 7 میزائل حملوں کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا اور ہر بار کہا کہ فضائی دفاعی نظام خطرات کو روکنے کے لیے سرگرم ہے۔

رمات حوفاف کا صنعتی علاقہ بئر السبع سے تقریباً 12 کلومیٹر دور واقع ہے اور یہاں 40 سے زائد فیکٹریاں موجود ہیں جو ماحولیاتی ٹیکنالوجی اور صنعتی انفراسٹرکچر کی ترقی میں کام کرتی ہیں۔

یہ دھماکہ 28 فروری کو ایران پر اسرائیلی-امریکی حملوں کے آغاز کے بعد اسرائیل میں کسی صنعتی تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 19 مارچ کو اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ حیفہ شہر میں ایک آئل ریفائنری پر بھی حملہ ہوا تھا۔

 

Ads