بیروت، 27 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) لبنانی حکومت کے سربراہ نواف سلام نے اپنے ملک میں اسرائیل کے حالیہ اقدامات کی شدید مذمت کردی۔ انہوں نے اسرائیلی اقدامات کو لبنان کی خودمختاری، اس کی زمین کی سالمیت اور اس کے بیٹوں کے حقوق کے لیے خطرہ قرار دیا۔
نواف سلام نے وزراء کی کونسل کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز بار بار یہ دھمکی دیتے ہیں کہ اسرائیل لیطانی کے جنوبی علاقے پر قبضے کے لیے سرگرم ہے۔ وزیر خزانہ سموٹریچ لیطانی کے جنوبی علاقے کو اسرائیل میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں۔ دونوں ہی معاملات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے دریائے لیطانی پر واقع اکثر پلوں کو دھماکے سے اڑا دیا ہے تاکہ اس علاقے کو باقی لبنانی زمینوں سے الگ کردیا جائے۔ اس کے ساتھ لیطانی کے جنوب میں واقع شہروں اور دیہاتوں کے باشندوں کی بڑے پیمانے پر جبری ہجرت کا عمل اور زمینوں کو روزانہ ہڑپ کرنے، ان کے گھروں کو گرانے اور کبھی کبھار انہیں مکمل طور پر ہموار کرنے کا عمل جاری ہے گویا یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ شہری مستقبل قریب میں اپنے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے۔
نواف سلام نے ان اعمال اور اقوال کو، کسی بھی عنوان کے تحت مثلاً سکیورٹی بیلٹ یا بفر زون، ایک انتہائی خطرناک امر قرار دیا جو لبنان کی خودمختاری، اس کی زمین کی سالمیت اور اس کے بیٹوں کے حقوق کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے بالکل منافی ہے۔
لبنان کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت خاموش نہیں رہے گی، کیونکہ وہ اس سلسلے میں سلامتی کونسل کے سامنے فوری طور پر شکایت درج کرانے کے عمل میں ہے ۔ انہوں نے اسی مقصد کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ براہ راست رابطے کا اعلان کیا۔ ان کا یہ بیان اسرائیلی فوج کی جانب سے دریائے زہرانی کے جنوب میں رہنے والے باشندوں کو ایک فوری انتباہ جاری کرنے اور انہیں اپنے گھر خالی کرنے کی ترغیب دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی نے "ایکس" پر ایک پوسٹ کے ذریعے دریائے زہرانی کے جنوب میں موجود افراد سے شمال کی طرف (دریا کے شمال میں) جانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ فوج اس علاقے می حزب اللہ کی سرگرمیوں کے خلاف بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو کوئی بھی حزب اللہ کے عناصر، اس کی تنصیبات یا اس کے جنگی ذرائع کے قریب موجود ہے وہ اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جنوب کی طرف کوئی بھی حرکت شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
