آر سی بی کے سی ای او راجیش مینن نے بتایا کہ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے تمام مقامی اور بین الاقوامی میچوں کے دوران ان 11 مداحوں کی یاد میں 11 نشستیں ہمیشہ خالی رکھی جائیں گی۔
کھلاڑی پورے سیزن کے دوران پریکٹس سیشنز اور میچ سے قبل وارم اپ کے وقت نمبر 11 کی جرسی پہنیں گے۔ راجیش مینن کے مطابق، "تمام کھلاڑیوں کی پشت پر نمبر 11 درج ہوگا، یہ میچ کے لیے نہیں بلکہ صرف پریکٹس کے لیے ہوگا۔آئی پی ایل کے اس ایڈیشن میں میچوں کے دوران کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں گے۔ اسٹیڈیم میں 11 نشستوں کو مستقل طور پر محفوظ رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ ان مداحوں کی یاد ہمیشہ تازہ رہے۔
یہ افسوسناک واقعہ 4 جون 2025 کو پیش آیا تھا، جب آر سی بی کے پہلے آئی پی ایل ٹائٹل کی جیت کا جشن منانے کے لیے بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر تقریباً 3 لاکھ لوگ جمع ہو گئے تھے۔ بے قابو ہجوم کے باعث ہونے والی بھگڈر میں 11 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ کرناٹک حکومت نے اس واقعے کے لیے آر سی بی، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن اور ایونٹ پارٹنرز کو ناقص کراؤڈ مینجمنٹ اور ضروری اجازت نامے نہ لینے پر ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔فرنچائز نے ہر متوفی کے اہل خانہ کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا تھا۔
اس حادثے کے بعد سے چناسوامی اسٹیڈیم میں آر سی بی کا کوئی میچ نہیں ہوا تھا۔ اب ریاستی حکومت سے نئی اجازت ملنے کے بعد ٹیم اس سیزن میں بنگلورو میں 5 میچ کھیلے گی، جبکہ 2 ہوم میچ رائے پور میں منعقد ہوں گے۔
