مسٹر مودی نے ایکس پر اپنی گفتگو کے بارے میں کہاکہ "صدر ٹرمپ سے کال موصول ہوئی اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر مفید تبادلۂ خیال ہوا۔ ہندوستان کشیدگی کم کرنے اور جلد از جلد امن قائم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ آبنائے ہرمز کا کھلا، محفوظ اور آسان رہنا پوری دنیا کے لیے ضروری ہے۔ ہم نے امن اور استحکام کی کوششوں کے سلسلے میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔"
اس سے پہلے ہندوستان میں امریکی سفیر سرجیو گور نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے مغربی ایشیا کی صورتحال پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ "صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ابھی وزیرِ اعظم مودی سے بات کی۔ انہوں نے مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر بات کی، جس میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔"
وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی پیر کی شام امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ مغربی ایشیا کی صورتحال پر بات کی تھی۔ دونوں نے اس بحران کے عالمی معیشت پر اثرات پر بھی گفتگو کی اور خاص طور پر توانائی تحفظ سے متعلق خدشات پر بات کی۔
قابلِ ذکر ہے کہ وزیرِ اعظم مغربی ایشیا کی صورتحال پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔
