Masarrat
Masarrat Urdu

پاسدارانِ انقلاب کا امریکہ سے منسلک صنعتوں کو نشانہ بنانے کا اعلان

  • 17 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 17 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکہ سے منسلک صنعتوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کردیا اور شہریوں کو انخلاء کی تنبیہ کردی۔

تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی سنگین ترین صورتحال اختیار کرگئی ہے، ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس نے خطے میں موجود تمام ایسی صنعتوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا، جن میں امریکہ کے شیئرز (حصص) موجود ہیں۔

ایرانی فورسز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران ان تمام صنعتی علاقوں اور فیکٹریوں پر حملے کیے جائیں گے جن کا تعلق امریکہ سے ہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے عام شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے امریکی صنعتی علاقوں اور پلانٹس سے فوری طور پر دور ہو جائیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس سنگین دھمکی کے بعد امریکی انتظامیہ نے خطے میں موجود اپنی متعدد صنعتوں، پیداواری پلانٹس اور دفاتر کو خالی کرنا شروع کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے خطے میں موجود امریکی اقتصادی مفادات کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست تصادم کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

 

Ads