بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بتایا کہ اربیل میں ہونے والے اس ڈرون حملے میں فرانسیسی فوج کا ایک سپاہی مارا گیا اور متعدد دیگر زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت چیف وارنٹ آفیسر ارناڈ فریون کے طور پر کی گئی ہے۔ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد ہلاک ہونے والا وہ پہلا فرانسیسی فوجی ہے۔
صدر میکرون نے سوشل میڈیا پر لکھا "میں پورے ملک کی جانب سے ان کے خاندان اور ساتھی فوجیوں کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔ ہمارے کئی فوجی زخمی ہوئے ہیں اور فرانس ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔"
فرانسیسی صدر نے اس علاقے میں داعش کے خلاف لڑنے والے فرانسیسی فوجیوں پر ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں فرانسیسی فوج کی موجودگی دہشت گردی کے خلاف جنگ کے محدود اور واضح دائرے کا حصہ ہے اور ایران میں جاری جنگ کے دوران اس طرح کے حملوں کو کسی بھی صورت درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
