Masarrat
Masarrat Urdu

لبنان میں 634 جاں بحق اور 8 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے، اسرائیل کے مزید حملے

  • 12 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 12 جون (مسرت ڈاٹ کام) لبنان کے وزیر صحت رکان ناصر الدین کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے تقریباً دس دنوں کے دوران لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 634 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ناصر الدین نے کہا کہ مرنے والوں میں 91 بچے اور 47 خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے 1500 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کا بھی اعلان کیا۔

سماجی امور کی وزیر حنین السید نے ناصر الدین کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے نتیجے میں سرکاری طور پر رجسٹرڈ بے گھر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 16 ہزار ہو گئی ہے۔ ان بے گھر ہونے والے افراد میں سے ایک لاکھ 26 ہزار پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے بدھ کو بھی جنوبی لبنان اور مشرقی لبنان کے علاقے بقاع کے متعدد علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کیے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبوں بیت یاحون، کونین، قبریخا، طیر حرفا، مجدل زون، کفرا اور یاطر پر بمباری کی۔ اسی طرح دو اسرائیلی ڈرونز نے حناویہ اور حارص نام کے قصبوں میں دو موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔

 

لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے مشرقی لبنان میں مغربی بعلبک کے علاقے بودای کے مضافات میں الضلیل کے مقام پر ایک چھوٹی مال بردار گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسی سلسلے میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں مطریہ الشومر، الخرايب، ارزی، الزراریہ، مزرعہ الواسطہ اور مزرعہ جمجم کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے تولین اور قبریخا کے قصبوں پر بھی مزید حملے کردیے۔ زبقین پر دو حملے کیے۔ اس قصبے کے مضافات میں اسرائیلی توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز اس سے قبل کہا تھا کہ اس نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ میں حزب اللہ کے اہداف پر کیے جانے والے حملوں کی بوچھاڑ مکمل کر لی ہے۔ ان حملوں میں ہیڈ کوارٹرز اور جنگی ساز و سامان والے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

عبرانی اخبار ’’ یدیعوت احرونوت ‘‘ نے اسرائیلی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ فضائیہ نے گزشتہ روز صور شہر میں حزب اللہ کے ایک ہیڈ کوارٹر پر بھی بمباری کی۔ اسی دوران اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائے ادرعی نے عربی زبان میں ایک انتباہ جاری کردیا جس میں جنوبی مضافاتی علاقے میں حارہ حریک اور برج البراجنہ کے علاقوں کو خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے مشرق وسطیٰ میں جنگ لبنان تک اس وقت پہنچی جب حزب اللہ نے ایران پر امریکی اسرائیلی حملے کے پہلے دن ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے جاں بحق ہوجانے کے جواب میں اسرائیل پر راکٹ داغ دیے۔ اسرائیل اس وقت سے لبنان پر وسیع پیمانے پر فضائی حملے کر رہا ہے اور اس کی افواج جنوب میں داخل ہو رہی ہیں۔

Ads