بیروت، 11 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان اور بیروت کے جنوبی ضاحیہ پر نئے سرے سے فضائی حملے کیے ہیں۔ یہ حملے اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلاء کے نئے انتباہات جاری کرنے کے بعد کیے گئے جبکہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے آغاز سے اب تک حکام کے مطابق تقریباً 7 لاکھ 60 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔
لبنانی حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو مارچ سے اب تک خود کو رجسٹر کروانے والے متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 59 ہزار 300 ہو چکی ہے جن میں سے ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد حکومت کے زیر انتظام سرکاری پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔ حکام نے بیروت کی سپورٹس سٹی جیسے سرکاری مراکز اور سکول پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیے ہیں۔
دوسری جانب سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے کچھ دیر قبل جنوبی ضاحیہ کے علاقے حی الجاموس پر شدید بمباری کی۔ اسرائیلی فوج نے بڑے پیمانے پر انخلاء کے نوٹس دینے کے بعد اس علاقے میں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ فضائی حملے کے بعد علاقے میں عمارتوں کے اوپر سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ کارروائی جنوبی لبنان کے شہر صور کے قریب ایک عمارت پر اسرائیلی حملے کے بعد ہوئی جبکہ اسرائیل نے صیدا شہر کی ایک عمارت کو بھی خالی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی لبنان کے مختلف دیہات پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 570 افراد جاں بحق اور 1444 زخمی ہو چکے ہیں۔
حزب اللہ نے منگل کو چار علیحدہ بیانات میں جنوبی لبنان کے قصبے الخیام کے گردونواح میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماعات پر راکٹ باری کا اعلان کیا۔ یہ وہ اہم محور ہے جہاں گذشتہ ہفتے اسرائیلی افواج نے دراندازی کی تھی۔ حزب اللہ نے سرحدی قصبے عدیسہ کے مضافات میں خلہ المحافر کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں کے اجتماع کو بھی راکٹوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
