بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے عارضی طور پر پابندیوں میں نرمی کی ہے تاکہ ہندستان سمندر میں پھنسے روسی تیل کو خرید سکے۔ امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ 30 دن کی چھوٹ عالمی منڈی میں تیل کی روانی کو برقرار رکھے گی اور ایران کی جانب سے عالمی توانائی کو یرغمال بنانے کی کوشش سے پیدا ہونے والے دباؤ کو کم کیا جاسکے گا۔
مسٹر بیسنٹ نے سوشل میڈیا ایکس پر کہا کہ یہ اقدام ایک دانستہ، قلیل مدتی اقدام ہے جو روسی حکومت کو کوئی خاص مالی فائدہ نہیں دے گا، کیونکہ اس میں صرف وہی تیل شامل ہے جو پہلے سے سمندر میں پھنسا ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد روسی تیل پر پابندی عائد کردی، جس سے خریداروں کو متبادل راستے تلاش کرنے پڑتے تھے۔ ہندوستان روسی توانائی کا ایک بڑا خریدار ہے اور امریکہ نے ہندوستان پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ حملے کے لیے فنڈز کا بہاؤ کم کرنے کی کوشش میں ان کا (روس) تیل خریدنا بند کردے۔
