Masarrat
Masarrat Urdu

ٹرمپ نے امریکی فوجیوں کی موت کا بدلہ لینے کا عزم کیا

  • 02 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن/نئی دہلی، 2 مارچ (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک واشنگٹن اپنے تمام اہداف حاصل نہیں کر لیتا۔ انہوں نے تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایران کی جانب سے یو اے ای اور دیگر خلیجی ممالک جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں ،کو نشانہ بنا کر میزائل اور ڈرون حملے کیے جانے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ایرانی کارروائی کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے پہلے کیے گئے مشترکہ حملوں کا جواب قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق، اسرائیل کے ساتھ مل کر کیے گئے ایک بڑے اور مشترکہ حملے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران کے اندر ایک ہزار سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان مشترکہ حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت تقریباً 40 سینئر سیاسی اور فوجی عہدیدار ہلاک ہوئے، جس سے ایران کے قیادتی ڈھانچے کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

اس صورتِ حال کے باعث خطے میں وسیع پیمانے پر جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیشِ نظر خلیجی ممالک نے اپنی افواج کو ہائی الرٹ پر رکھ دیا ہے۔

ادھر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نصف شب کے بعد اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نتین یاہو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔

بعد ازاں مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، "وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے خطے کی صورتحال پر بات ہوئی۔ حالیہ پیش رفت پر ہندستان کی تشویش سے آگاہ کیا اور شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح قرار دیا۔ ہندستان نے کشیدگی کے جلد خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔"

 

Ads