Masarrat
Masarrat Urdu

بیت شیمش پر ایرانی میزائل گرنے سے عمارتیں تباہ، مرنے والوں کی تعداد 9 تک پہنچ گئی

  • 01 Mar 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تل ابیب، یکم مارچ 2026 (مسرت ڈاٹ کام) مقبوضہ بیت المقدس کے قریب واقع شہر بیت شیمش میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی اور کئی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہوم فرنٹ کمانڈ کی ریسکیو اور سرچ ٹیمیں میزائل گرنے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عبرانی ویب سائٹ والا نیوز کے مطابق بیت شیمش کے پولیس چیف نے بتایا کہ میزائل حملے کے نتیجے میں شہر میں چار عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے جو اب تک لاپتہ ہے۔

شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ ایک ایرانی میزائل براہ راست عوامی پناہ گاہ پر گرا جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بھی تصدیق کی ہے کہ شہر میں ایک عبادت گاہ کے قریب میزائل گرنے سے چار افراد ہلاک اور تقریباً 16 زخمی ہوئے۔

عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت کے مطابق ہوم فرنٹ کمانڈ کی اضافی فورسز کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ ملبے میں دبے افراد کو نکالا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت شہر میں سائرن بھی نہیں بجائے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایران نے جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل کی جانب سب سے بڑی میزائل کھیپ داغی جس میں تقریباً 38 میزائل شامل تھے۔

 

 

Ads