مسٹر عراقچی نے این بی سی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں آیت اللہ خامنہ ای جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی موت کا دعویٰ بعض اسرائیلی میڈیا اداروں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مسٹر عباس عراقچی نے اس بات کی تصدیق ضرور کی کہ ان کے ایک یا دو کمانڈر ہلاک ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ زیادہ تر اعلیٰ حکام محفوظ اور حیات ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ملک میں اقتدار کی تبدیلی کو ایک ناممکن عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال امریکہ کے ساتھ کوئی براہِ راست مکالمہ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر واشنگٹن بات چیت کرنا چاہتا ہے تو وہ جانتے ہیں کہ ایرانیوں تک کیسے رسائی حاصل کرنی ہے، لیکن انہوں نے یہ شرط بھی رکھی کہ مذاکرات کے کسی بھی امکان سے پہلے حملوں کا سلسلہ رکنا چاہیے۔
