Masarrat
Masarrat Urdu

جنیوا مذاکرات: فریقین کے رویے میں سنجیدگی نمایاں/پیر سے فنی کام شروع ہوگا، ایرانی وزیر خارجہ

  • 27 Feb 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

جنیوا، 27 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ بعض معاملات میں معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جنیوا میں امریکہ کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے تیسرے دور کے بعد کہا ہے کہ آج طویل ترین اور سنجیدہ ترین مذاکرات ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات بالواسطہ ہوئے جس میں عمانی وزیر خارجہ البوسعیدی نے فریقین کا پیغام ایک دوسرے تک منتقل کیا۔

عراقچی نے مزید کہا کہ مذاکرات میں طے پایا کہ پیر سے ویانا میں فنی ٹیمیں کام شروع کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ بعض معاملات میں معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ مذاکرات کے دوران فریقین کے رویے میں سنجیدگی واضح طور پر نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات بالواسطہ طور پر عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی کی ثالثی میں ہوئے۔ بعض مراحل میں رافائل گروسی بھی موجود رہے تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان تکنیکی امور پر بات چیت میں سہولت ہو۔ ان کی شرکت فنی لحاظ سے مفید اور مثبت رہی۔

عراقچی نے کہا کہ مذاکرات مجموعی طور پر نہایت سنجیدہ اور طویل تھے، لیکن ان میں اچھی پیش رفت ہوئی۔ فریقین نے باقاعدہ طور پر ممکنہ معاہدے کے اہم نکات پر بات شروع کر دی ہے، چاہے وہ جوہری پروگرام کا معاملہ ہو یا پابندیوں کا مسئلہ۔ کچھ امور میں فریقین ایک دوسرے کے کافی قریب آچکے ہیں، اگرچہ چند معاملات میں اختلافِ رائے اب بھی موجود ہے، جوکہ ایسے مذاکرات میں معمول کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار دونوں طرف سے کسی حل تک پہنچنے کی سنجیدگی پہلے سے زیادہ واضح تھی۔ اسی لیے طے پایا کہ ماہرین کی ٹیمیں پیر کے روز ویانا میں عالمی جوہری ایجنسی کے تعاون سے تکنیکی بات چیت شروع کریں گی، تاکہ فنی مسائل کو واضح فریم ورک کے تحت سیاسی مطالبات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جاسکے۔

عراقچی نے بتایا کہ مذاکرات کا چوتھا دور بھی جلد منعقد ہوگا، ممکن ہے تقریبا ایک ہفتے کے اندر۔ اس سے پہلے دارالحکومتوں میں مشاورت کریں گے اور ضروری دستاویزات تیار کریں گے۔

پابندیوں کے خاتمے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے مطالبات صاف اور واضح انداز میں پیش کیے ہیں، جن میں امریکی یکطرفہ پابندیوں کا خاتمہ، ان کی مختلف جہات، اور اقوام متحدہ سے متعلق امور شامل ہیں۔ آئندہ اجلاس میں ان موضوعات پر مزید تفصیل سے بات ہوگی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ماہرین کی سطح پر بات چیت کا آغاز اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریق سنجیدگی سے تفصیلی اور عملی امور پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ مذاکرات کا یہ دور اب تک کے سب سے بہتر اور سنجیدہ ادوار میں سے ایک رہا۔ دوسری طرف عمان کے وزیر خارجہ نے بھی اس پیش رفت کو مثبت قرار دیا ہے۔

Ads