جنیوا، 26 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صلح کے لیے سفارتکاری جاری رہے گی تاہم دفاعی طاقت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ اور امن، دونوں صورتحال کے لیے مکمل تیاری رکھتا ہے۔ اصل مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔ گزشتہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی تھی اور اسی بنیاد پر ایک منصفانہ اور متوازن معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام سے دستبردار نہیں ہوگا، تاہم عالمی برادری کے خدشات اور سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے طاقت کے استعمال کا راستہ اختیار کیا تو ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ اس کا جواب دینے کی بھرپور استعداد رکھتا ہے۔
عراقچی نے مزید کہا کہ جنگ سے بچنے کا بہترین طریقہ اس کے لیے مضبوط تیاری ہے، کیونکہ کمزوری ہمیشہ جارحیت کو بڑھاوا دیتی ہے۔ موجودہ سفارتی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرسکتی ہیں۔
