جنیوا، 26 فروری (مسرت ڈاٹ کام) ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا تیسرا دور جنیوا میں عمانی سفارت خانے میں شروع ہوگیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا تیسرا دور جنیوا میں واقع عمانی سفارت خانے میں شروع ہوگیا ہے۔
ایران نے ابتدائی مجوزہ معاہدہ پیش کردیا
ایران نے جنیوا میں ہونے والے جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کے دوران امریکی فریق کو ایک تجویز پیش کی ہے، جسے واشنگٹن کی سفارتی سنجیدگی کو پرکھنے کے عملی امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جنیوا سے موصولہ رپورٹس کے مطابق ایرانی وفد نے ایسے اقدامات پیش کیے جن کے بارے میں اس کا مؤقف ہے کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کی پرامن نوعیت سے متعلق امریکا کے دیرینہ اعتراضات اور بہانوں کا جواب فراہم کرتے ہیں۔
یہ تجویز عمان کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے وزیر خارجہ سید بدر البوسعیدی کے ذریعے امریکی فریق تک پہنچائی گئی۔
اگرچہ پیشکش کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر وائٹ ہاؤس اس تجویز کو مسترد کرتا ہے تو تہران کے نزدیک یہ اقدام واشنگٹن کی سنجیدگی اور سفارتی حل کے دعوے پر پہلے سے موجود شکوک کو مزید تقویت دے گا۔
ایرانی وفد عمانی سفارت خانہ پہنچ گیا
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اپنے وفد کے ہمراہ جنیوا میں عمان کے سفارت خانے پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کر رہے ہیں۔
یہ بات چیت عمان کی ثالثی میں جاری ہے اور مذاکرات کا محور جوہری معاملہ اور ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ ہے۔
ٹرمپ کے ایلچی جنیوا پہنچ گئے
امریکی صدر کے ایلچی اور مذاکرات کار اسٹیو وٹکاف تیسرے دور کے مذاکرات میں شرکت کے لیے جمعرات کی صبح جنیوا پہنچ گئے۔
عراقچی کی عمانی ہم منصب سے ملاقات
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جنیوا میں عمانی ہم منصب سے ملاقات کی۔
بدھ کی شام ہونے والی اس ملاقات میں عراقچی نے جوہری معاملے اور پابندیوں کے خاتمے سے متعلق تہران کے مؤقف کی وضاحت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ حقیقی پیش رفت کا انحصار فریقِ مقابل کی سنجیدگی اور متضاد طرزِ عمل سے گریز پر ہے۔
انہوں نے مذاکرات میں مسلسل ثالثی کردار ادا کرنے پر عمان کا شکریہ بھی ادا کیا، جبکہ مسقط نے مکالمے کو آسان بنانے کے لیے اپنی آمادگی کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ باہمی سیاسی عزم کے ذریعے بات چیت کو قابلِ قبول نتیجے تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
