میچ کا آغاز آسٹریلیا کے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کے فیصلے سے ہوا۔ کینگروز کے بالرز نے شروع ہی سے عمان کے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔
عمان کی پوری ٹیم 16.4 اوورز میں محض 104 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
وسیم علی (32 رنز) کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ ٹیم کے 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
اسپنر ایڈم زمپا نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیویئر بارٹلیٹ اور گلین میکسویل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
105 رنز کا آسان ہدف آسٹریلیا نے محض 9.4 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
مچل مارش نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 64 رنز بنائے۔ٹریوس ہیڈ نے 19 گیندوں پر 32 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
جوش انگلس 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کے لیے یہ ورلڈ کپ مجموعی طور پر مایوس کن رہا۔ اپنے چار گروپ میچوں میں سے وہ صرف دو ہی جیت سکے، جس کی وجہ سے سابق چیمپئن ٹیم سپر 8 مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ عمان کے خلاف یہ بڑی فتح ان کے لیے محض ایک تسلی بخش الوداع ثابت ہوئی۔
