Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ سے ہارلے ڈیوڈسن بائیک کا صفر محصول پر درآمد ممکن ہوگی

Thumb

نئی دہلی، 07 فروری (مسرت ڈاٹ کام) امریکہ کے ساتھ عبوری تجارتی معاہدے کے نتیجے میں ہندوستان میں ہارلے ڈیوڈسن کی موٹر بائیکس اور امریکی کمپنیوں کی لگژری کاریں سستی ہو جائیں گی۔

معاہدے سے واقف ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان امریکی کمپنیوں کی 1,500 سی سی سے اوپر کی موٹر سائیکلوں پر کسٹم ڈیوٹی گھٹا کر صفر کرے گا۔ اس کے علاوہ 2,500 سی سی سے اوپر کی ڈیزل کاروں اور 3,000 سی سی سے اوپر کی پٹرول کاروں پر بھی کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق امریکی موٹر سائیکل کمپنیوں میں صرف ہارلے ڈیوڈسن کی بائیکس ہی اس زمرے میں آتی ہیں جنہیں اس کا فائدہ مل سکے گا۔

ہندوستان کا امریکہ سے موٹر سائیکلوں کا درآمدی حجم کافی کم ہے۔ مالی سال 2024-25 میں یہ 84.36 فیصد بڑھ کر 50.9 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان عبوری تجارتی معاہدے پر دونوں ملکوں نے ہفتہ کو مشترکہ بیان جاری کیا۔ اس کے تحت امریکہ میں زیادہ تر ہندوستانی مصنوعات پر درآمدی محصولات گھٹا کر 18 فیصد کر دیے جائیں گے۔ ساتھ ہی امریکہ کئی مصنوعات پر درآمدی محصول صفر کرے گا۔ وہیں ہندوستان بھی امریکی مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرے گا اور کئی مصنوعات پر محصول صفر کرے گا۔

 

Ads