241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری جنوبی افریقہ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پہلے ہی اوور میں جارج لنڈے (صفر) آؤٹ ہو گئے، جنہیں ارشدیپ سنگھ نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد رائن رِکلٹن اور کپتان ایڈن مارکرم نے دوسری وکٹ کے لیے 65 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم چھٹے اوور میں مارکرم کے ریٹائر آؤٹ ہونے پر یہ شراکت ٹوٹ گئی۔ مارکرم نے 19 گیندوں پر دو چوکے اور چار چھکے لگا کر 38 رنز بنائے۔
آٹھویں اوور میں شِوم دوبے نے ڈیوالڈ بریوس (2) کو آؤٹ کیا۔ دسویں اوور میں ورون چکرورتی نے رِکلٹن کو وکٹ کے پیچھے ایشان کشن کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ رِکلٹن نے 21 گیندوں پر تین چوکے اور چار چھکے لگائے۔ اگلے ہی اوور میں ڈیوڈ ملر (13) کو اکشر پٹیل نے آؤٹ کر دیا۔
پندرھویں اوور میں ابھیشیک شرما نے جیسن اسمتھ کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 23 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا لگا کر 35 رنز بنائے۔ انیسویں اوور میں ابھیشیک شرما نے مارکو یانسن کو بولڈ کر دیا۔ یانسن نے 16 گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے لگا کر 31 رنز اسکور کیے۔
ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے میں جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 210 رنز ہی بنا سکی اور میچ 30 رنز سے ہار گئی۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 21 گیندوں پر چار چھکے اور ایک چوکا لگا کر ناٹ آؤٹ 45 رنز بنائے۔
اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ایشان کشن اور ابھیشیک شرما نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 80 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں ایشان کشن ریٹائر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 20 گیندوں پر دو چوکے اور سات چھکے لگا کر 53 رنز بنائے۔ آٹھویں اوور میں ابھیشیک شرما بھی 24 رنز بنا کر ریٹائر آؤٹ ہو گئے، جن کی اننگز میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ہندوستان کا تیسرا وکٹ دسویں اوور میں تلک ورما کی صورت میں گرا، جنہیں مارکو یانسن نے بولڈ کیا۔ تلک ورما نے 19 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگا کر 45 رنز بنائے۔ سوریہ کمار یادو نے 16 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 30 رنز اسکور کیے۔ رنکو سنگھ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہاردک پانڈیا نے 10 گیندوں پر دو چوکے اور تین چھکے لگا کر 30 رنز کی تیز اننگز کھیلی، تاہم وہ آخری اوور میں کاربن بوش کا شکار بنے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 240 رنز بنائے۔ اکشر پٹیل نے 23 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 35 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن، کاربن بوش، اینرک نورٹے اور وینا مفاکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
