بجٹ میں انفرادی انکم ٹیکس کی شرحوں میں کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے، لیکن صنعتوں پر کم از کم متبادل انکم ٹیکس (ایم اے ٹی) کی شرح کو 15 فیصد سے گھٹا کر 14 فیصد کر دیا گیا ہے۔ بجٹ میں سرمایہ کاروں اور درآمد کنندگان کے لیے عمل اور تعمیل کو آسان بنانے کے تفصیلی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے ایک گھنٹہ 25 منٹ کے اپنے خطاب میں کہا کہ سرمایہ جاتی اخراجات بڑھانے کے باوجود مالیاتی خسارے کو جی ڈی پی کے 4.3 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف ہے۔ موجودہ مالی سال میں مالیاتی خسارہ بجٹ کے اندازے 4.5 فیصد کے مقابلے میں 4.4 فیصد رہا ہے۔ بجٹ کے بعد شیئر بازاروں میں بھاری گراوٹ دیکھی گئی اور ایک وقت بی ایس ای کا سینسیکس 2300 پوائنٹ تک گر گیا، لیکن بعد میں اس نے کافی حد تک واپسی کی۔
وزیر خزانہ نے قرض-جی ڈی پی تناسب کو 2030-31 تک 50 فیصد کے قریب رکھنے کا ہدف بتایا، جو 2026-27 میں 55.6 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری قرض کم ہونے سے ترجیحی شعبوں کے لیے قرض کی دستیابی بڑھے گی، حکومت پر سود کی ادائیگی کم ہوگی اور پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے 16ویں مالیاتی کمیشن کی رپورٹ کو قبول کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مرکز کی تقسیم پذیر آمدنی میں ریاستوں کا حصہ 41 فیصد برقرار رہے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود ہندوستان کی شرح نمو سات فیصد کے دائرے میں ہے، جس سے حکومت ترقی اور فلاح کے لیے وسائل اکٹھے کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو عالمی منڈی سے جڑا رہنا ہے تاکہ ملک برآمدی منڈی، غیر ملکی سرمایہ اور ٹیکنالوجی کا فائدہ حاصل کرتا رہے۔
انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد لوگوں کی امنگوں کو حقیقت میں بدلنا ہے اور اقتصادی ترقی کو نوجوانوں، کسانوں، غریبوں، خواتین اور دیگر ضرورت مند طبقات تک پہنچانا ہے۔
وزیر خزانہ نے بجٹ کو تین فرائض پر مرکوز بتایا: پہلا فرض اقتصادی ترقی کو بڑھانا، دوسرا فرض عوام کو بااختیار بنا کر ان کی امنگیں پوری کرنا اور تیسرا فرض "سب کا ساتھ سب کا وِکاس" کے مطابق سماجی فلاحی اسکیموں کو آگے بڑھانا۔
انہوں نے کہا کہ اگست میں وزیراعظم کے یومِ آزادی خطاب کے بعد سے جی ایس ٹی سمیت 350 سے زیادہ اصلاحات نافذ کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بایوفارما، سیمی کنڈکٹر، الیکٹرانک کمپوننٹ، نایاب معدنیات اور کپڑا جیسے شعبوں کو فروغ دینے کے لیے نئی پہلوں کا اعلان کیا۔
وزیر خزانہ نے 200 سے زیادہ روایتی صنعتی کلسٹروں کو دوبارہ زندہ کرنے اور چار نئے اقتصادی زونز کے قیام کی تجویز دی۔ ساتھ ہی دو مقامات پر ہائی ٹیک ٹول روم قائم کرنے کا اعلان کیا، جو کم لاگت پر اعلیٰ درستگی والے پرزوں کا ڈیزائن، جانچ اور تیاری کریں گے۔
انہوں نے ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مغربی بنگال کے دانکونی سے گجرات کے سورت تک نیا مال برداری کوریڈور اور بنارس و پٹنہ میں گھریلو آبی گزرگاہوں کے لیے جہاز سازی کی سہولتوں کا اعلان کیا۔
انہوں نے بجلی، اسٹیل، ایلومینیم اور کپڑا جیسے شعبوں میں کاربن اخراج کم کرنے کے لیے 2000 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی۔ بجٹ میں نئی قومی فائبر اسکیم، دستکاری و ہتھ کرگھا کے لیے "سمستھ" اسکیم کا توسیع اور کھادی گرام ادیوگ کے لیے "مہاتما گاندھی گرام سوراج یوجنا" کا اعلان کیا گیا۔
ایم ایس ایم ای کے لیے مالی معاونت کو آسان بنانے کے اقدامات کیے گئے۔ بینکنگ شعبے کو مستقبل کی ضرورتوں کے لیے تیار کرنے کے مقصد سے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا، جس میں پاور فنانس کارپوریشن اور رورل الیکٹریفکیشن کارپوریشن کی تنظیم نو بھی شامل ہے۔
انہوں نے میونسپل بانڈز کے اجرا پر 100 کروڑ روپے تک کی ترغیب دینے کا اعلان کیا تاکہ بلدیاتی ادارے ترقی کے لیے سرمایہ اکٹھا کر سکیں۔
دوسرے فرض کے تحت تعلیم، ہنر مندی، طبی خدمات، ویٹرنری، پانچ نئی یونیورسٹی ٹاؤن شپ، ہر ضلع میں ریاضی و سائنس پڑھنے والی طالبات کے لیے ہاسٹل، فلکیات کے لیے نئی رصدگاہیں، گائیڈوں کی تربیت کے لیے 20 مراکز، ڈیجیٹل نالج ہاؤس اور 50 آثار قدیمہ کے مقامات کی ترقی جیسے اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
تیسرے فرض کے تحت خواتین، کسانوں، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کے ساتھ شمال مشرقی ریاستوں کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا گیا۔ شمالی ہندوستان میں ایک نیا "نِم ہنس" ادارہ قائم کرنے اور رانچی و تیزپور کے قومی ذہنی صحت اداروں کو علاقائی اعلیٰ اداروں کے طور پر اپ گریڈ کرنے کی تجویز دی گئی۔
بجٹ میں 50 فیصد ضلعی اسپتالوں میں ایمرجنسی اور ٹراما مراکز قائم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ "دیویانگ سہارا یوجنا" کے تحت ہندوستانی مصنوعی انسانی اعضا بنانے والی کارپوریشن کو اپنی سہولتوں کے توسیع اور تحقیق و ترقی کے لیے مدد دی جائے گی۔
محترمہ سیتارمن نے اروناچل پردیش، سکم، آسام، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بدھ سرکٹ کے فروغ کے لیے منصوبے کا اعلان کیا۔
