کانگریس نے کہا کہ منریگا دیہی ہندوستان کی روح میں سرایت کر گئی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت اپنی پوری کوشش کے باوجود اسے ختم نہیں کر سکتی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اس کے کارکنان اس کی مخالفت کے لیے اپنی پوری طاقت لگائيں گے اور حکومت کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
احتجاجی مظاہرے میں کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے"منریگا بچاؤ ابھیان" کے پلے کارڈز اور بینر اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے "منریگا چور - گدی چھوڑ، منریگا اگر جائے گا بازار سست ہو جائے گا، ہر ہاتھ کو کام دو، کام کا پورا دام دو" کے نعرے لگائے۔ احتجاجی مارچ میں اجے ماکن، جے رام رمیش، راجیو گوڑا، پون کھیڑا، ادت راج، دیویندر یادو، اور کرنل روہت چودھری سمیت متعدد سرکردہ کانگریس لیڈروں نے حصہ لیا۔ پولیس نے بعد میں کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ کانگریس حال ہی میں نافذ وی بی جیرامجی ایکٹ کو منسوخ کرنے اور منریگا کو بحال کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے اس نے منریگا بچاؤ ابھیان کے نام سے ملک گیر احتجاج شروع کیا ہے۔ کانگریس کی ملک گیر منریگا بچاؤ تحریک 10 جنوری کو شروع ہوئی اور 28 فروری تک جاری رہے گی۔
کانگریس میڈيا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے کہا، "یہ دہلی میں منریگا کو بچانے کی جدوجہد کی ایک جھلک ہے۔ مودی حکومت نے منریگا ایکٹ کو بلڈوز کر کے اسے منسوخ کر دیا ہے۔ منریگا ایک تاریخی اور انقلابی ایکٹ تھا، جو ستمبر 2005 میں متفقہ طور پر منظور ہوا تھا۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اس ایکٹ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ منریگا قانون آئینی حق تھا، اس قانون سےپنچایتوں کو مضبوط بنایا گیا، لیکن موجودہ حکومت کے ذریعہ یہ قانون منسوخ کر دیا گیا کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ لوگوں کو ان کے حقوق ملیں۔
دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا، "منریگا کی لڑائی ملک کے عام غریب شہریوں کے لیے روزگار اور حقوق کی لڑائی ہے، جسے کانگریس ملک بھر میں لڑ رہی ہے۔ کانگریس حکومت کے تحت، غریبوں کو عزت اور احترام کے ساتھ اپنی روزی روٹی کمانے، اپنے گاؤں میں رہنے اور کام کرنے کا حق حاصل تھا، جس سے ان کے گاؤں کی ترقی ہوتی تھی۔ نریندر مودی نے اسے ختم کر دیا ہے، جو افوسناک قدم ہے۔"
