تہران، 27 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ دشمن اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہے لیکن ایرانی قوم اس سازش کو ناکام بنا دیگی ۔ یہ اطلاع سحر ٹی وی نے ایک رپورٹ میں دی۔
علی لاریجانی نے سیاسی و عسکری شخصیات اور کمانڈروں کی پندرویں قومی کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ روزہ جنگ میں فوجی جارحیت کرنے کے بعد دشمن نے کہا کہ اب ایرانی عوام کو سڑکوں پر لانا چاہیے۔
دشمن کا منصوبہ لوگوں کو سڑکوں پر نکالنے کا تھا لیکن وہ ناکام رہے ۔ انہوں نے اقتصادی صورتحال کے خلاف پرامن احتجاج کوبلوہ و فساد، توڑ پھوڑ اور سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے میں بدلنے کی کوشش کی ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ اگر کوئی سماجی بحران پیدا ہوا تو ہم فوجی آپریشن کریں گے اور اسی لئے اس بار امریکی پالیسی اور ہتھکنڈے بدل گئے اور وہ ایرانی عوام کے اتحاد و یکجہتی کو سبوتاژ کرکے فوجی حملہ کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں۔
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری نے کہا کہ بلاشبہ معاشی مسائل ہیں اور حکومت اور مختلف شعبوں کو ان کا ازالہ کرنا چاہیے لیکن واضح رہے کہ دشمن اسے بہانہ بنا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہے۔
