Masarrat
Masarrat Urdu

حزب اللہ کو اسلحہ سے الگ کرنے پر میکرون آج نواف سلام سے تبادلہ خیال کریں گے

  • 23 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

پیرس، 23 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون جمعہ کو لبنانی وزیراعظم نواف سلام کے استقبال کے دوران اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے حکومتی منصوبے کی تکمیل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ اعلان ایلیزی پیلس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ صدارتی دفتر نے وضاحت کی ہے کہ میکرون فرانس کے اس موقف کا اعادہ کریں گے کہ تمام فریقوں کی جانب سے جنگ بندی کا مکمل اور بھرپور احترام کیا جانا ضروری ہے۔ وہ اس بات پر زور دیں گے کہ لبنانی حکام اسلحہ کو صرف ریاست کے قبضے میں رکھنے اور اپنی پوری سرزمین پر خود مختاری بحال کرنے کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں شامل ہوں۔

تقریباً ایک سال کے خونی تصادم کے بعد اسرائیل اور حزب اللہ نے نومبر 2024 کے آخر سے جنگ بندی کا معاہدہ کیا تھا۔ لیکن اسرائیل ان فضائی حملوں کو جاری رکھے ہوئے ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ارکان اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اسرائیل حزب اللہ پر جنگ کے بعد اپنی صلاحیتیں بحال کرنے کا الزام لگاتا ہے۔ حزب اللہ دوران جنگ اپنے اسلحہ خانے، فوجی ڈھانچے اور اعلیٰ قیادت کا ایک بڑا حصہ کھو چکا تھا۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں پانچ تزویراتی پہاڑیوں پر اپنی افواج کو بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔ اس کا یہ اقدام امریکہ اور فرانس کی سرپرستی میں ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

 

لبنانی حکومت نے جنگ کے بعد حزب اللہ کو اسلحہ سے پاک کرنے کے ایک منصوبے کی منظوری دی تھی۔ لبنانی فوج نے جنوری میں اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا اعلان کیا تھا جس میں دریائے لیطانی کے جنوب میں واقع علاقوں کو شامل کیا گیا تھا۔ تاہم اسرائیل نے اس قدم پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا۔ جب سے فوج نے لیطانی کے جنوب میں اسلحہ سے پاک کرنے کی تکمیل کا اعلان کیا ہے اسرائیلی ریاست نے ان علاقوں پر کئی حملے کیے ہیں جن میں سے اکثر دریا کے شمال میں واقع ہیں۔

لبنانی فوج کا منصوبہ پانچ مراحل پر مشتمل ہے۔ دوسرے مرحلے میں دریائے لیطانی کے شمال سے دریائے اولی تک پھیلا ہوا علاقہ شامل ہے جو صیدا کے شمال میں گرتا ہے اور یہ علاقہ سرحد سے تقریباً 60 کلومیٹر اور بیروت سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ توقع ہے حکومت فروری میں اس منصوبے کے دوسرے مرحلے پر بحث کرے گی جس کے بعد اس پر عمل درآمد شروع ہوگا۔

ایلیزی پیلس نے زور دیا ہے کہ فرانسیسی صدر نواف سلام کو اس بات کی یقین دہانی کرائیں گے کہ فرانس لبنانی مسلح افواج کی مکمل حمایت کرتا ہے جو قومی خودمختاری اور ملک کے استحکام کا ستون ہیں۔ یہ بات لبنان کی خودمختاری کی حمایت کے لیے منعقد ہونے والی اس بین الاقوامی کانفرنس کی تمہید ہوگی۔ یہ کانفرنس 5 مارچ کو میکرون کی صدارت میں پیرس میں ہوگی۔ اس کانفرنس کا مقصد لبنانی فوج کی مدد کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے۔

اس کے علاوہ میکرون اور نواف سلام لبنان کی خودمختاری کو مضبوط بنانے اور اس کی بحالی کے لیے ضروری معاشی و مالی اصلاحات کے تسلسل پر بھی بات کریں گے۔ خاص طور پر اس شدید معاشی بحران کے تناظر میں جس کا ملک کو 2019 سے سامنا ہے بات چیت کی جائے گی۔ نواف سلام حکومت نے 2025 کے آخر میں مالیاتی نظم و ضبط اور نقصانات کی تقسیم کا بل منظور کیا تھا جو چھ سال سے زائد عرصے پر محیط اس بے مثال بحران کے بعد آیا ہے جس نے لبنانیوں کو ان کے بینک ڈیپازٹس سے محروم کر دیا تھا۔

Ads