Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ کی شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے

  • 11 Jan 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 11 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) امریکی سینٹرل کمانڈ نے ہفتے کے روز کہا کہ اس کی فوج نے پورے شام میں دولتِ اسلامیہ (داعش) کے متعدد اہداف کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔

سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا آج تقریباً دوپہرساڑھے بارہ بجے(ایسٹرن ٹائم) امریکی سینٹرل کمانڈ کی افواج نے اتحادی فورسز کے ساتھ مل کر شام میں داعش کے متعدد اہداف پر بڑے پیمانے پر حملے کیے۔"

کمانڈ کے مطابق یہ حملے آپریشن ہاک آئی اسٹرائیک کا حصہ ہیں، جس کا آغاز اور اعلان 19 دسمبر کو کیا گیا تھا۔ یہ آپریشن 13 دسمبر کو شام کے شہر پالمیرا میں امریکی اور شامی افواج پر ہونے والے ایک مہلک داعش حملے کے ردعمل میں شروع کیا گیا، جس میں داعش کے ایک دہشت گرد نے گھات لگا کر حملہ کیا تھا، نتیجتاً دو امریکی فوجی اور ایک امریکی شہری ہلاک ہوا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ یہ حملے "ہمارے جنگی اہلکاروں کے خلاف اسلامی دہشت گردی کے خاتمے، مستقبل کے حملوں کو روکنے اور خطے میں امریکی اور اتحادی افواج کے تحفظ کے لیے ہمارے مسلسل عزم کا حصہ ہیں۔"

بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی اور اتحادی افواج "ان دہشت گردوں کا پیچھا کرنے کے عزم پر قائم ہیں جو امریکہ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔"

 

Ads