Masarrat
Masarrat Urdu

دھرمیندر پردھان نے نئی دہلی عالمی کتاب میلے 2026 کا افتتاح کیا

Thumb

نئی دہلی، 10 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان نے نئی دہلی عالمی کتاب میلے (این ڈی ڈبلیو بی ایف) 2026 کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر قطر کے وزیرِ ثقافت عبدالرحمن بن حمد بن جاسم بن آل ثانی، اسپین کے وزیرِ ثقافت ارنیسٹ اُرتاسون دومینیک، وزارتِ ثقافت اسپین کی ڈائریکٹر جنرل (کتب) محترمہ ماریا خوسے گالویز، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر وِنیّت جوشی، چیئرمین نیشنل بک ٹرسٹ مسٹر ملند سدھاکر مراتھے، ڈائریکٹر این بی ٹی مسٹر یووراج ملک، قطر اور اسپین سے آئے معزز مہمانانِ خصوصی اور وزارت کے سینئر افسران شریک تھے۔ تقریب کے دوران مسٹر دھرمیندر پردھان نے کتاب "دی ساگا آف کُدوپالی: دی اَن سَنگ اسٹوری آف 1857" جاری کی، جو بنگلہ، آسامیہ، پنجابی، ملیالم، اردو اور مراٹھی سمیت مختلف زبانوں میں شائع کی گئی ہے۔ اس موقع پر ساگا آف کُدوپالی پر مبنی ایک ویڈیو بھی حاضرین کو دکھائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ این ڈی ڈبلیو بی ایف 2026، جو دنیا کا سب سے بڑا بی ٹو سی کتاب میلہ ہے، صرف خیالات کے تبادلے کا سنگم ہی نہیں بلکہ ہندوستان کی مضبوط اور زندہ دل مطالعہ جاتی ثقافت کا ایک عظیم جشن بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کتاب میلے کا موضوع "انڈین ملٹری ہسٹری: ویلر اینڈ وزڈم @75" اور قطر و اسپین جیسے ممالک کی شرکت نے اس ثقافتی اور ادبی تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

مسٹر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ کتاب "دی ساگا آف کُدوپالی: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف 1857"، جو سمبل پور کی سرزمین پر آزادی کی جدوجہد کے کم معروف ابواب کو اجاگر کرتی ہے، کو 9 ہندوستانی زبانوں—بنگالی، آسامیہ، پنجابی، مراٹھی، ملیالم اور اردو—کے علاوہ ایک بین الاقوامی زبان ہسپانوی میں بھی جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب اس سے قبل ہندی، انگریزی اور اڑیا میں شائع ہو چکی تھی اور اب مجموعی طور پر 13 زبانوں میں دستیاب ہے۔ انہوں نے اسے ویر سورندر سائی جی کی وراثت اور کُدوپالی کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک قابلِ ستائش کاوش قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ اقدام ہندوستان کی کثیر لسانی روایت اور عالمی مکالمے کو بھی مضبوط بناتا ہے۔

 

Ads