Masarrat
Masarrat Urdu

ہرمن پریت اور مندھانا کے درمیان مقابلہ سب کی توجہ کا مرکز

Thumb

نوی ممبئی، 08 جنوری (مسرت ڈاٹ کام) ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی اہمیت اب پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ گزشتہ برس ہندوستان کی پہلی عالمی کپ فتح کے بعد ڈبلیو پی ایل کے میگا آکشن پر سب کی نظریں مرکوز تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لیگ میں مسلسل نئی کھلاڑیوں کے ابھرنے سے اس کی مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے۔

ڈبلیو پی ایل کے چوتھے سیزن میں سب سے زیادہ توجہ ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان مقابلے پر ہوگی، خاص طور پر ہرمن پریت کور اور اسمرتی مندھانا کے آمنے سامنے آنے کی وجہ سے۔ یہی دونوں ٹیمیں اب تک ڈبلیو پی ایل کا خطاب جیت چکی ہیں، جبکہ باہمی مقابلوں میں ممبئی انڈینز 4-3 سے برتری رکھتی ہے۔

دفاعی چیمپئن ممبئی انڈینز نے اس سیزن میں بھی تسلسل برقرار رکھا ہے اور نیلامی میں زیادہ تر پرانے کھلاڑیوں پر اعتماد کیا۔ تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کا امتزاج ان کی بڑی طاقت ہے۔ دوسری طرف رائل چیلنجرز بنگلورو نئی توانائی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ اسمرتی مندھانا کے ساتھ جارجیا وول، گریس ہیریس، رچا گھوش اور ندین ڈی کلرک کی شمولیت سے ان کی بلے بازی مزید مضبوط ہوئی ہے، اگرچہ ایلس پیری کی عدم موجودگی ایک چیلنج ہے۔

گیندبازی کے شعبے میں آر سی بی کے پاس مضبوط فاسٹ اور اسپن آپشنز ہیں، جبکہ ممبئی انڈینز کو آل راؤنڈرز اور تجربہ کار فاسٹ بولر شبنم اسماعیل سے فائدہ ملے گا۔ مزید یہ کہ سیزن کا پہلا حصہ نوی ممبئی میں کھیلا جانا ممبئی انڈینز کے لیے اضافی برتری سمجھا جا رہا ہے، جہاں مداحوں کی حمایت بھی انہیں زیادہ ملنے کی توقع ہے۔

 

 

Ads