Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش نے ہندوستان جانے سے انکار کر دیا،متبادل مقام کی تجویز دے دی

Thumb

ڈھاکہ ،4 جنوری (مسرت ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان بگڑتے ہوئے سیاسی تعلقات کا اثر اب کرکٹ کے میدانوں پر بھی گہرا ہوتا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان نہیں بھیجے گا۔

بی سی بی نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 میں کھیلنے کے لیے جاری کردہ اجازت نامہ فوری طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اگر اپنا فیصلہ بدل بھی دے، تب بھی سیکیورٹی خدشات کی بنا پر مستفیض کو ہندوستان نہیں بھیجا جائے گا۔

بنگلہ دیشی حکام نے آئی سی سی سے باقاعدہ مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز ہندوستان سے منتقل کر کے سری لنکا میں کرائے جائیں۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو اپنے ابتدائی تین میچز کولکتہ میں کھیلنے ہیں۔

بنگلہ دیش کے مشیرِ کھیل آصف نذرل نے سوشل میڈیا پر اپنے سخت ردعمل میں کہا:اگر ہندوستان میں بنگلہ دیش کا ایک معاہدہ یافتہ کھلاڑی محفوظ نہیں رہ سکتا، تو پوری ٹیم وہاں خود کو کیسے محفوظ رہ سکتی ہے؟ ہم نے بی سی بی کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی سی سی کو تمام صورتحال سے آگاہ کرے اور میچز کی منتقلی کا مطالبہ کرے۔"

آصف نذرل نے مزید کہا کہ انہوں نے وزارتِ اطلاعات سے بنگلہ دیش میں آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی لگانے کی بھی درخواست کی ہے۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے کہنے پر کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے مستفیض الرحمان کو ریلیز کر دیا تھا، جنہیں گزشتہ ماہ نیلامی میں 9.2 کروڑ روپے میں خریدا گیا تھا۔ ہندوستان میں کچھ مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی شمولیت پر سخت تنقید کی جا رہی تھی، جس کے بعد حالات نے یہ سنگین رخ اختیار کیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ کے ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس کے بعد اب باقاعدہ طور پر آئی سی سی کو احتجاجی خط لکھا جا رہا ہے۔

 

Ads