Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 30 رنز سے شکست دی

Thumb

ترواننت پورم، 28 دسمبر (مسرت ڈاٹ کام) اسمرتی مندھانا (80) اور شیفالی ورما (79) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہدنوستانی خواتین ٹیم نے اتوار کے روز چوتھے ٹی-20 میچ میں سری لنکا کو 30 رن سے شکست دے دی۔

اس سے قبل ہندوستان کی خواتین ٹیم نے اتوار کو ٹی-20 میں اپنا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے سری لنکا کو شکست دے دی۔ ٹیم نے چوتھا میچ 30 رن سے جیت لیا۔ ہندوستان نے مقررہ اوورز میں 221 رن بنائے تھے۔ ٹیم کی جانب سے شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 162 رن کی اوپننگ شراکت قائم کی۔

ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ پر 191 رن ہی بنا سکی اور اسے 30 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہسینی پریرا اور کپتان چماری اتاپٹو کی اوپننگ جوڑی نے سری لنکا کو اچھی شروعات دلائی اور دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 59 رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں اروندھتی ریڈی نے ہسینی پریرا کو 20 گیندوں پر 33 رن کے اسکور پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹو نے نصف سنچری اسکور کی، تاہم پوری ٹیم 191 رن ہی بنا سکی۔ یہ ٹی-20 میں سری لنکا کا بھی اب تک کا سب سے بڑا اسکور رہا۔

13ویں اوور میں دیپتی شرما نے چماری اتاپٹو کو آؤٹ کر کے ہندوستان کی جھولی میں دوسری وکٹ ڈالی۔ چماری اتاپٹو نے 37 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 52 رن کی اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ کے طور پر ایمیشا دلانی 29 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد ہرشیتا سماراوکرمہ 20 رن بنا کر دیپتی شرما کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔

19ویں اوور میں کویشا دلہاری 13 رن بنا کر اروندھتی ریڈی کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔ 20ویں اوور میں شری چارنی نے رشمیکا سیوندی کو پانچ رن پر بولڈ کر کے سری لنکا کو چھٹا جھٹکا دیا۔ نیلاکشا ڈی سلوا نے 11 گیندوں پر 23 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

ہندوستان کی جانب سے گیندبازی میں ویشنوئی شرما اور اروندھتی ریڈی نے دو، دو وکٹ حاصل کیں۔ چوتھا میچ جیت کر ہندوستان نے سیریز میں 4-0 کی ناقابلِ تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کے لیے اترنے والی اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما کی سلامی جوڑی نے ہندوستان کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 162 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ہندوستان کی پہلی وکٹ 16ویں اوور میں شیفالی ورما کے طور پر گری۔ شیفالی ورما نے 46 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں ملشا شہانی نے آؤٹ کیا۔

ہندوستان کی دوسری وکٹ 17ویں اوور میں اسمرتی مندھانا کی گری، جنہیں نماشا میپاگے نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔ اسمرتی مندھانا نے 48 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 221 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ ریچا گھوش نے 16 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 40 رنز بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور 10 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں

سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ 30 دسمبر کو ترواننت پورم میں ہی کھیلا جائے گا۔

 

 

Ads