Masarrat
Masarrat Urdu

صہیونی حکومت کی جانب سے صومالی لینڈ تسلیم کرنے پر حماس کی شدید مذمت

  • 28 Dec 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

غزہ، 28 دسمبر  (مسرت ڈاٹ کام) حماس نے صہیونی حکومت کی جانب سے صومالی لینڈ تسلیم کرنے کے فیصلے کو فلسطین پر قابض حکومت کے لئے قانونی حیثیت حاصل کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں اسرائیل اور صومالی لینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے ایک دوسرے کو تسلیم کرنے کے اعلان کی سخت مذمت کی ہے۔

حماس نے اس اقدام کو خطرناک مثال اور فلسطین کی زمین پر قابض فاشسٹ حکومت کے لئے جھوٹی قانونی حیثیت حاصل کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا، جس پر جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات ہیں اور جو عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنہائی کا سامنا ہے۔

المنار ٹی وی کے مطابق، حماس نے فلسطینی عوام کی زبردستی بے دخلی کے منصوبوں کی مکمل مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے صومالی لینڈ کو غزہ کے لوگوں کے لیے متبادل مقام کے طور پر استعمال کرنے کی سخت مخالفت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ جنگی جرائم کے مرتکب نتن یاہو کی حکومت کا صومالیہ میں علیحدہ انتظامیہ کو تسلیم کرنا اس بین الاقوامی تنہائی کی عکاسی کرتا ہے جو غزہ میں ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم کا براہ راست نتیجہ ہے۔

حماس نے ان عرب اور اسلامی ممالک کی تعریف کی جنہوں نے اس خطرناک موقف کی مذمت کی۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ صہیونی پالیسیوں اور سازشوں کو بنیادی مقصد عرب ممالک کو تقسیم کرنا، ان کو غیر مستحکم کرنا اور ان کے داخلی امور میں مداخلت کرنا ہے۔

اس سے قبل، صہیونی وزیر اعظم نتن یاہو کے دفتر نے اسرائیل کی صومالی لینڈ کو آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر سرکاری طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اسرائیلی وزیر خارجہ گڈئون ساعر نے علیحدہ خطے کے صدر کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات قائم کرنے کی تصدیق کی۔

Ads