اتوار کو اپنے خطاب کے موضوعات کے بارے میں دارالحکومت میں منعقدہ "ہیومن کیپٹل فار اے ڈیولپڈ انڈیا" پر تین روزہ کانفرنس کے آخری دن مسٹر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہاکہ "میں نے اپنے خیالات کا اشتراک کیا کہ کس طرح ہم سب مل کر ہندوستان کو خود انحصار بنانے، غریبوں کو بااختیار بنانے اور ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔"
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس وقت اگلی نسل کی اصلاحات کو نافذ کرنے میں مصروف ہے، اور یہ کام تیزی سے جاری ہے۔ مسٹر مودی نے کہاکہ "یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان اگلی نسل کی اصلاحات کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ہندوستان ریفارم ایکسپریس میں سوار ہوا ہے،" اور اس ریفارم ایکسپریس کا مرکزی انجن ہندوستان کے نوجوان، ہماری نوجوان آبادی ہے۔" اس لیے ہماری کوشش ہے کہ اس آبادی کو بااختیار بنایا جائے۔
سینئر انتظامی عہدیداروں سے اپنے ہر کام میں معیار پر زور دینے کی اپیل کرتے ہوئے مسٹر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ گورننس، سروس ڈیلیوری اور مینوفیکچرنگ معیار ہر چیز کے دل میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ "آئیے ہم 'میڈ ان انڈیا' لیبل کو معیار کا مترادف بنانے کی سمت کام کریں اور 'زیرو ایفیکٹ، زیرو ڈیفیکٹ' کے لیے اپنی وابستگی کو مضبوط کریں۔"
وزیر اعظم نے گورننس اور خدمات کی فراہمی میں ایک نیا ورک کلچر بنانے کے لیے اٹھائے گئے کلیدی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے عام لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔
کانفرنس میں ہنر مندی، اعلیٰ تعلیم، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، کھیلوں اور دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
